روس نے یوکرین سے متعلق نیا خیال پیش کیا،امریکی وزیرخارجہ

نئے خیال سے متعلق صدر ٹرمپ سے بات کرونگا،مارکوروبیو کاخطاب

جمعہ 11 جولائی 2025 17:37

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء)واشنگٹن امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنے روسی ہم منصب سرگئی لاوروف سے یوکرین میں جنگ کے حل میں پیش رفت نہ ہونے پر اپنی مایوسی اور ناامیدی کا اظہار کیا ہے تاہم انہوں نے کہا کہ ان کے روسی ہم منصب نے یوکرین کے بارے میں ایک نیا خیال پیش کیا ہے جو یوکرین کے ساتھ امن کا راستہ کھول سکتا ہے۔

(جاری ہے)

روبیو نے ملائیشیا میں جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم کے سربراہی اجلاس کے موقع پر لاوروف سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے کہا یہ کوئی نیا طریقہ نہیں ہے۔ یہ ایک نیا خیال یا نیا تصور ہے جو میں صدر ٹرمپ کو بحث کے لیے پیش کروں گا۔ انہوں نے خبردار کیا کہ یہ کوئی ایسی چیز نہیں ہے جو خود بخود امن کا باعث بنے لیکن یہ ایک راستہ کھول سکتی ہے۔دونوں وزرا نے کوالالمپور میں آسیان اجلاس کے موقع پر ملاقات کی ۔ یاد رہے یوکرین میں جنگ بندی کے مذاکرات تعطل کا شکار ہیں۔