قرآنِ کریم ہدایت، شفا اور فلاح کا سرچشمہ ہے، مفتی ساجد حسین لغاری

جمعہ 11 جولائی 2025 17:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء) جامعہ باب القرآن گلشن اقبال کے مہتمم اور چیئرمین نورحرم فاؤنڈیشن مفتی ساجد حسین لغاری نے کہا ہے کہ قرآنِ کریم اللہ تعالیٰ کا آخری، کامل اور محفوظ کلام ہے، جو قیامت تک کے انسانوں کے لیے ہدایت، شفا اور کامیابی کا واحد ذریعہ ہے۔ جس قوم نے قرآن کو سینے سے لگایا وہ سربلند ہوئی اور جس نے قرآن کو صرف زبانی تلاوت یا رسومات تک محدود کر دیا وہ گمراہی، انتشار اور ذلت کا شکار ہو گئی۔

وہ نورحرم فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ''فہمِ قرآن و اصلاحِ معاشرہ سیمینار'' سے خطاب کر رہے تھے، جس میں علمائے کرام، معلمات، دینی طلباء، سماجی رہنما اور خواتین و نوجوانوں کی بڑی تعداد شریک تھی۔مفتی ساجد لغاری نے کہا کہ آج کا المیہ یہ ہے کہ قرآن ہمارے گھروں میں موجود ہے، مگر ہماری زندگیوں سے غائب ہے۔

(جاری ہے)

ہم نے اسے شادی بیاہ، اموات اور برکت کی رسم تک محدود کر دیا ہے، جب کہ قرآن ایک زندہ و مکمل دستورِ حیات ہے، جو معاشرت، معیشت، عدل، تعلیم، اخلاق، سیاست اور روحانیت کا جامع نظام پیش کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب تک فرد، خاندان، اور ریاست قرآن کی تعلیمات کو عملی طور پر اپنانے کا عزم نہیں کریں گے، اصلاحِ معاشرہ کا خواب شرمندہ ء تعبیر نہیں ہو سکتا۔انہوں نے کہا کہ آج نسلِ نو مختلف فکری یلغاروں، نظریاتی گمراہیوں، سوشل میڈیا کے فتنوں اور مغربی ثقافت کی تباہ کاریوں کی زد میں ہے، ایسے میں دینی ادارے، قرآن سنٹرز اور معیاری اسلامی تربیت گاہیں ناگزیر ہو چکی ہیں۔

نورحرم فاؤنڈیشن کا مقصد بھی یہی ہے کہ قرآن کو ہر گھر، ہر فرد، ہر دل تک پہنچایا جائے اور اس کے فہم کے ذریعے معاشرے کو منور کیا جائے۔انہوں نے زور دیا کہ دینی تعلیم کے ساتھ دنیاوی علوم کو بھی قرآنی اقدار سے ہم آہنگ کیا جائے تاکہ ایک متوازن، بااخلاق، باکردار اور باعمل نسل تیار ہو سکے۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ اپنے بچوں کو قرآن کا حافظ، قاری اور عامل بنائیں ظ نہ صرف عالمِ دین بلکہ قرآن کے مطابق چلنے والا انسان بنائیں۔اس موقع پر مختلف معزز مہمانان، علماء، اساتذہ اور قرآن فہمی کورس کے شرکاء نے بھی خیالات کا اظہار کیا۔ نشست کے اختتام پر قرآن خوانی، اجتماعی دعا اور قرآن سے رشتہ مضبوط کرنے کے عہد کے ساتھ پروگرام کا اختتام ہوا۔