اہلِ بیت سے محبت رکھنا ایمان کی علامت ہے، حاجی فضیل رضا عطاری

جمعہ 11 جولائی 2025 17:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء) دعوت اسلامی کے زیر اہتمام نورانی مسجد نشتر اسکوائر ماڈل ٹاؤن ملیر میں ہفتہ وار سنتوں بھرے اجتماع کا انعقاد ہوا جس میں قرب وجوار سے کثیر تعداد میں عاشقان رسول شریک ہوئے، اجتماع کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا جس کے بعد بارگاہ رسالت ﷺ میں ہدیہ نعت پیش کی گئی، اجتماع سے رکن شوریٰ و نگران کراچی مشاورت حاجی فضیل رضا عطاری نے بیان کرتے ہوئے کہا کہ اہلِ بیت سے محبت رکھنا ایمان کی علامت ہے،قرآنِ کریم میں اللہ پاک نے اہلِ بیتِ اطہار کی پاکیزگی کو واضح طور پر بیان فرمایا ہے، اہلِ بیتِ اطہار سے مراد نبی کریم ﷺ کی ازواجِ مطہرات، اولاد اور قریبی رشتہ دار ہیں، اہلِ بیت سے محبت اور ان کی خدمت آخرت میں کامیابی کی ضمانت بن سکتی ہے، جو شخص سادات کی عزت کرتا ہے، اسے قیامت کے روز نبی پاک ﷺ کی زیارت کی سعادت نصیب ہوگی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سادات کرام کی خدمت اور ان سے خیر خواہی کو باعثِ سعادت بتایا گیا، ہمیں چاہئے کہ ہم ان کا ادب کریں، ان کی عزت کریں اور اپنی نسلوں کو بھی یہی ادب سکھائیں،لہٰذا ہر مسلمان کو چاہئے کہ وہ اپنی اولاد کو تین چیزیں سکھائے پہلی نبی کریم ﷺ کی محبت، دوسری اہلِ بیت کی محبت اور تیسری قرآنِ پاک کی تلاوت، یہ وہ بنیادیں ہیں جو دین و دنیا دونوں کو سنوارنے کا ذریعہ بنتی ہیں۔

حاجی فضیل رضا عطاری نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ پل صراط پر وہی کامیابی سے گزرے گا جس کے دل میں صحابہ کرام اور اہلِ بیت اطہار کی سچی محبت ہوگی، پل صراط بال سے بھی زیادہ باریک اور تلوار کی دھار سے بھی زیادہ تیز جو جہنم پر قائم ہوگا اور اس پر سے مجرم کٹ کر جہنم میں گریں گے، ہر ایک کو اس سے گزرنا ہوگا،جو محبتِ اہلِ بیت اور صحابہ سے سرشار ہوگا، اسے وہاں ثابت قدمی نصیب ہوگی۔ خصوصی دعا اور صلوة سلام کے ساتھ اجتماع کا اختتام ہوا۔

متعلقہ عنوان :