جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال ،پانی کی بچت جیسی پائیدار ترقی کی ضامن جدید زرعی اصلاحات بارے روڈ شو کا انعقاد

اقوام متحدہ، پیپسی، علی ترین فارم، جے ڈی ڈبلیو/ جے کے شوگر ملز سمیت درجنوں کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور منصوبہ بندی سے پیداوار بڑھی ،زمین کا تحفظ ،پانی کی بچت بھی ممکن ہو رہی ‘شرکاء

جمعہ 11 جولائی 2025 17:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2025ء) جدید زرعی ٹیکنالوجی کے استعمال اور پانی کی بچت جیسی پائیدار ترقی کی ضامن جدید زرعی اصلاحات کے حوالے سے روڈ شو کا انعقاد کیا گیا۔ پیپسی انٹرنیشنل کے خصوصی تعاون سے علی ترین فارم میں منعقدہ کانفرنس میں علی ترین ماڈل فارم کی پریکٹسز سے متعلق شرکا ء کو آگاہی دی گئی۔اقوام متحدہ، پیپسی، علی ترین فارم، جے ڈی ڈبلیو/ جے کے شوگر ملز سمیت درجنوں کمپنیوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

تقریب میں پیپسی انٹرنیشنل کی جانب سے علی ترین فارم کو بہترین پریکٹسز یقینی بنانے پر ماڈل فارم کی اعزازی شیلڈ بھی دی گئی۔اقوام متحدہ ایشیا پیسیفک بون سکرو کے سربراہ ڈاکٹر تھیرا نے بھی علی ترین فارمز کی جدت کو سراہا اور کہا کہ علی ترین ماڈل فارمز کی پریکٹسز کو فالو کرتے ہوئے دیگر فارمز بھی پانی کی بچت اور زرعی پیدوار میں اضافہ ممکن بنا سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

جنرل منیجر علی ترین فارمز عاعم نثار باجوہ نے شرکاء کو فارم میں پانی کے بہترین استعمال اور جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سمیت فارم کی تاریخ اور سینکڑوں ایکڑ بنجر زمین قابل کاشت بنانے کے عمل میں جہانگیر خان ترین کی کاوشوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔علی ترین فارم میں صرف 6مہینے نہری پانی کی دستیابی، سیم زدہ بنجر زمین جیسے چیلنجر کے باوجود ہر سال بہترین پیدوار جہانگیر ترین کی جدت پسندی اور عملی صلاحیتوں کا بہترین ثبوت ہے۔

سپلائی چین ڈویلپمنٹ اینڈ کمرشلائزیشن منیجر پیپسی انٹرنیشنل اظہار الحق اعوان نے اس بات کو سراہا کہ جہانگیر خان ترین نے کیسے سالہا سال کی محنت سے علی ترین فارم کی بنجر زمین کو آباد کیا اور آج اس فارم کی پیداوار اردگرد کی زمینوں سے کہیں زیادہ ہے۔شرکاء کا کہنا تھا کہ زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور منصوبہ بندی سے نا صرف پیداوار بڑھ رہی ہے بلکہ زمین کا تحفظ اور پانی کی بچت بھی ممکن ہو رہی ہے۔آخر میں شرکاء نے علی ترین فارم کا وزٹ کیا جہاں انہیں جدید پریکٹسز، ٹیکنالوجی سے آراستہ مشینری، جدید زرعی آلات سمیت مختلف عوامی فلاح کے منصوبوں بارے بریفنگ دی گئی ۔