یونیورسٹی آف ہری پور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمٰن نے پودا لگا کر شجر کاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا

جمعہ 11 جولائی 2025 18:30

ہری پور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) یونیورسٹی آف ہری پور کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمٰن نے یونیورسٹی کے احاطے میں پھلدار پودا لگا کر شجرکاری مہم کا باقاعدہ آغاز کر دیا۔اس موقع پر وائس چانسلر کہا کہ کہ درخت لگانا صرف ایک ماحولیاتی ضرورت نہیں بلکہ یہ ایک فکری اور اخلاقی ذمہ داری بھی ہے،ہم چاہتے ہیں کہ جامعہ ہری پور نہ صرف علم کا مرکز ہو بلکہ قدرت سے ہم آہنگ،سرسبز اور پائیدار ماحول کا نمونہ بھی ہو۔

انہوں نے تمام اساتذہ،عملے اور طلباء کو زیادہ سے زیادہ درخت لگانے کی تلقین کی اور اس بات پر زور دیا کہ شجرکاری موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے اور ماحولیاتی بہتری کے لیے نہایت اہم ہے۔شرکاء نے وائس چانسلر کی اس پہل کو ایک بہترین اور قابل تقلید اقدام قرار دیا جو ماحولیاتی تحفظ،جامعہ کی خوبصورتی، ذہنی سکون اور ایک پائیدار مستقبل کی جانب مثبت پیش رفت ہے،اس اقدام کا مقصد طلباء،اساتذہ اور عملے میں ماحول دوست رویوں کو فروغ دینا اور قدرتی وسائل سے ہم آہنگ طرزِ زندگی کو اپنانے کی ترغیب دینا ہے۔

(جاری ہے)

وائس چانسلر نے مزید کہا کہ اب تک کیمپس میں جن پھلدار درختوں کو لگایا گیا ہے ان میں آم،انگور،کیلا،مالٹا،لیموں،چکوترہ،خوبانی،لیچی،انار،امرود،زیتون، اور بیری شامل ہیں ،یہ درخت نہ صرف کیمپس کی خوبصورتی میں اضافہ کرتے ہیں بلکہ طبعی،غذائی اور تعلیمی فوائد بھی فراہم کریں گے،جامعہ ہری پور قدرتی خوبصورتی کی ایک زندہ مثال ہے یہاں ایک مخصوص قرآنی گارڈن بھی قائم ہے جہاں وہ تمام پودے اور درخت موجود ہیں جن کا ذکر قرآنِ پاک میں آیا ہے ،یہ باغ نہ صرف روحانی وابستگی کا ذریعہ ہے بلکہ ذہنی سکون اور فکری ارتقاء کے لیے ایک خاص مقام رکھتا ہے۔

متعلقہ عنوان :