چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان نے نہم کے پہلے سالانہ نتائج کا اعلان کر دیا

بدھ 20 اگست 2025 20:08

چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان  نے نہم کے پہلے سالانہ نتائج کا اعلان کر دیا
ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اگست2025ء) چیئرمین تعلیمی بورڈ ملتان وکمشنر عامر کریم خاں نے نہم کے پہلے سالانہ نتائج کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے لیپ ٹاپ کا بٹن دبا کر نتائج کو آن لائن اپ لوڈ کیا۔امتحانات میں کل 144,582 طلباء و طالبات نے شرکت کی جن میں سے 52.11 فیصد کامیاب قرار پائے۔ کمشنر عامر کریم خاں نے کامیاب ہونے والے تمام طلباء و طالبات کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ محنت اور لگن ہی کامیابی کی اصل کنجی ہے۔

(جاری ہے)

ڈویژن میں 458 امتحانی مراکزقائم کیے گئےجہاں طلباء کو بہترین سہولیات فراہم کی گئیں۔ تمام امتحانی مراکز کی کڑی نگرانی بھی یقینی بنائی گئی تاکہ امتحانات کا انعقاد شفاف ماحول میں ہو سکے۔کمشنر عامر کریم خاں نے طلباء و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ تعلیم ہی ترقی کی ضمانت ہے۔ دنیا تیزی سے ترقی کر رہی ہے اور نوجوان نسل علم حاصل کرکے وطن عزیزکوترقی کی راہ پرگامزن کرسکتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ تمام طلباء اپنی محنت جاری رکھیں اور مستقبل کے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے تیاری کریں۔اس موقع پر سیکرٹری تعلیمی بورڈ ملتان خرم قریشی سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :