علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں عشرہ رحمت للعالمینؐ کے بابرکت موقع پر پُروقار اور ایمان افروز نعتیہ مشاعرہ کا انعقاد

منگل 2 ستمبر 2025 16:55

علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں عشرہ رحمت للعالمینؐ کے بابرکت موقع ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 ستمبر2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں عشرہ رحمت للعالمینؐ کے بابرکت موقع پر ایک پُروقار اور ایمان افروز نعتیہ مشاعرہ منعقد ہوا ،جس نے سامعین کے دلوں کو عشقِ رسول ؐکی حرارت سے منور کر دیا۔اس روح پرور محفل میں راولپنڈی اور اسلام آباد کے معروف نعت خواں حضرات نے اپنی خوبصورت نعتوں کے ذریعے بارگاہِ رسالت مآبؐ میں عقیدت و محبت کے نذرانے پیش کئے۔

ان کے والہانہ انداز اور ایمان افروز کلام نے محفل کو نور و سرور سے بھر دیا۔ ہال میں بارہا سبحان اللہ، سبحان اللہ کی صدائیں گونجتی رہیں اور سامعین نے اس بابرکت اجتماع کو اپنی زندگی کا ایک یادگار لمحہ قرار دیا۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ملک کے مایہ ناز نعت خواں عرش ہاشمی تھے۔

(جاری ہے)

تقریب میں یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود، رجسٹرار راجہ عمر یونس سمیت دیگر پرنسپل افسران، اساتذہ کرام اور طلبہ و طالبات کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔

نعت خوانوں میں پروفیسر جلیل عالی، ڈاکٹر کاشف عرفان، ڈاکٹر جنید آزر، ڈاکٹر مہناز انجم، ڈاکٹر عابد سیال، ڈاکٹر اسد منیر، ڈاکٹر قاسم یعقوب، ڈاکٹر شیراز زیدی، فرزند ہاشمی اور دیگر معروف ہستیاں شامل تھیں جنہوں نے اپنے منفرد انداز میں عقیدت کے نذرانے پیش کئے اور حاضرین کے دلوں کو مسخر کر لیا۔یہ نعتیہ مشاعرہ محض ایک ادبی تقریب نہیں بلکہ محبتِ رسولؐ کی ایک عظیم روحانی محفل تھی جس نے ہر دل میں عشقِ مصطفیٰؐ کو اور زیادہ تازہ و روشن کر دیا۔

مشاعرے کا انعقاد انسٹی ٹیوٹ آف ایجوکیشنل ٹیکنالوجی اور فیکلٹی آف سوشل سائنسز نے مشترکہ طور پر کیا۔ محفل کے اختتام پر جامعہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ناصر محمود نے نعت خواں حضرات کو یادگاری شیلڈز پیش کیں اور ان کی خوبصورت عقیدتوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔