نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی فیصل آباد نے آن لائن ڈیجیٹل فراڈ سینٹر کے مالک سمیت دیگر ملزمان بارے مزید شواہد حاصل کرلئے

جمعہ 11 جولائی 2025 22:38

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی فیصل آباد نے آن لائن ڈیجیٹل فراڈ سینٹر کے مالک سمیت دیگر ملزمان بارے مزید شواہد حاصل کرلئے۔تفصیلات کے مطابق این سی سی آئی اے فیصل آباد نے تحقیقات کرتے ہوئے آن لائن ڈیجیٹل فراڈ سینٹر کے مالک ملک تحسین علوی سمیت دیگر ملزمان بارے مزید شواہد حاصل کرلئے۔

متعلقہ حکام نے بتایا کہ ان شواہد میں مرکزی ملزمان سے معاہدوں کی دستاویزات اور آن لائن ریکارڈ شامل ہے۔ ایجنسی نے مرکزی ملزم کی گرفتار ی کیلئے کارروائیاں تیز کردی ہیں۔ ایجنسی نے 18 خواتین اور 73 غیر ملکیوں سمیت 149 ملزمان کے چالان مکمل کرکے عدالتوں میں پیش کردیا ہے، عدالت نے خواتین کا جوڈیشل اور مرد ملزمان کا جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا ہے۔

(جاری ہے)

دوران تفتیش ملزمان کی نشاندہی پر ایجنسی کی ٹیم نے مرکزی ملزم سے معاہدوں کی دستاویزات اور آن لائن ریکارڈ حاصل کرلیا۔ چھاپے کے دوران تحویل میں لئے گئے سامان کی فرانزک چھان بین جاری ہے۔ اب تک حاصل ہونے والے ڈیٹا سے معلوم ہوا کہ ملزمان سادہ لوح شہریوں کو سوشل میڈیا ایپ اور خصوصی طور پر تیار کردہ سکیمنگ ایپس اور خواتین کے ذریعے پھنسا کر لوٹتے تھے۔

حکام نے بتایا کہ آن لائن فراڈ کی گزشتہ کئی مہینوں سے دائر کی گئی درخواستوں کی بنیاد پر ملزمان کیخلاف 7 مقدمات درج کئے گئے ہیں۔ مرکزی ملزم کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ ملزم کی عبوری ضمانت اور فرار ہونے کے پیش نظر ملزم کا نام واچ لسٹ میں شامل کرنے کی درخواست کردی گئی ہے۔ 8 جولائی کو ایجنسی کی ٹیم نے چھاپہ مار کر آن لائن فراڈ کا ڈیجیٹل سنٹر پکڑ لیا، سینٹر سے18 خواتین اور 73 غیر ملکیوں سمیت 149 افرد کو سازو سامان سمیت ایجنسی نے تحویل میں لے لیا جبکہ مرکزی ملزم ملک تحسین فرار اور روپوش ہونے میں کامیاب ہوگیا تھا۔