تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہے، صوبائی مشیر برائے محکمہ لیبر اینڈ مین پاور

جمعہ 11 جولائی 2025 23:30

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 جولائی2025ء) صوبائی مشیر برائے محکمہ لیبر اینڈ مین پاورسردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے کہا ہے کہ تعلیم کسی بھی قوم کی ترقی کی بنیاد ہے۔ ایک تعلیمی ادارہ صرف علم فراہم کرنے کا ذریعہ نہیں ہوتا، بلکہ یہ ایک ایسا پلیٹ فارم ہوتا ہے جہاں نسلوں کی فکر اور خوابوں کو حقیقت کا رنگ ملتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جناح ایلیٹ اسکول کوئٹہ کے دورے کے موقع پر کیا۔

صوبائی مشیر سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے عالمی معیار کا تعلیمی ادارہ بنانے پرسکول انتظامیہ کی کوششوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ جناح ایلیٹ اسکول نے تعلیمی معیار میں بہترین اقدامات کیے ہیں اور ان کی کوششوں سے ہمارے صوبے کے بچے عالمی سطح پر مقابلہ کرنے کے قابل ہوں گے۔

(جاری ہے)

ہمیں اپنے بچوں کو ایک مضبوط تعلیمی بنیاد فراہم کرنی چاہیے تاکہ وہ نہ صرف اپنے وطن کا فخر بنیں بلکہ عالمی سطح پر بھی کامیاب ہو سکیں۔

طلبہ و طالبات سے بات چیت کے دوران سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے کہا کہ تعلیم کے ذریعے ہم نہ صرف اپنے معاشرتی مسائل کا حل نکال سکتے ہیں، بلکہ ایک روشن اور مستحکم مستقبل کی بنیاد بھی رکھ سکتے ہیں۔ بعد ازاں سردار بابا غلام رسول خان عمرانی نے جناح ایلیٹ اسکول کے اسپینی روڈ پر واقع سب کیمپس کا بھی دورہ کیا اور بچوں کے لئے جدید تعلیمی ماحول کی فراہمی کے لئے سکول انتظامیہ کی کوششوں کو سراہا۔