Live Updates

میئر کراچی کا شہر میں بارش سے تباہ کے ایم سی کی 106 سڑکوں کی بحالی کا کام اتوار سے شروع کرنے کا اعلان

جمعرات 11 ستمبر 2025 15:31

میئر کراچی کا شہر میں بارش سے تباہ کے ایم سی کی 106 سڑکوں کی بحالی کا کام ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء) میئر کراچی مرتضی وہاب نے شہر میں بارش سے تباہ کے ایم سی کی 106 سڑکوں کی بحالی کا کام اتوار سے شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ شہر ہمارا ہے، مسائل کے حل کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا، جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے زیر انتظام ٹائونز بھی ساتھ دیں تو شہر کے مسائل زیادہ بہتر حل ہوسکتے ہیں، کچھ سیاسی اداکار صرف اس وقت نظر آتے ہیں جب تنقید کرنی ہو، ورنہ کام کرنے کے لیے کوئی نظر نہیں آتا، میں نے اپنی زندگی میں لیاری ندی اور اورنگی ندی کو اس طرح بہتے کبھی نہیں دیکھا، شاہراہِ بھٹو اور حب کنال پر ترقیاتی کام جاری ہیں، قائد آباد والا فیز زیر تعمیر ہے اور وہاں پر بھی جلد سہولتیں میسر ہوں گی، ہم کو طعنے وہ دے رہے ہیں جنہوں نے اپنے قائد کی ایسی کی تیسی کی۔

(جاری ہے)

میئر کراچی مرتضی وہاب نے بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کی 77ویں برسی کے موقع پر مزارِ قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور مہمانوں کی کتاب میں اپنے تاثرات درج کیے۔اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں میئر کراچی نے کہا کہ شہر کی اتھارٹی کس کے پاس ہے یہ سوال وزیر اعظم یا وفاقی وزیروں سے کیا جانا چاہیے، میں تو صرف اتنا کہتا ہوں کہ شہر تو ہمارا ہے اور کراچی کے عوام کو درپیش مسائل حل کرنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسی نہ کسی سطح پر کمانڈ ہونا لازمی ہے تاکہ مثر کام ہوسکے۔ وہ حکومت اور وزیر اعلی سندھ کے شکر گزار ہیں جنہوں نے سب کو مل کر کام کرنے کی ہدایت کی ہے تاہم شہر میں کوآرڈینیشن کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہاکہ کراچی شہر آدھا ہو یا پورا، یہ ہمارا شہر ہے اور ہم ہر جگہ پہنچ کر عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔انہوں نے کہاکہ کہ شہر کے مسائل کے حل کے لیے اسٹیک ہولڈرز کو مل بیٹھ کر فیصلے کرنا ہوں گے، کیونکہ ماضی میں بھی تمام میئرز یہ تجویز دیتے رہے ہیں کہ کوئی نہ کوئی واضح کمانڈ اسٹرکچر ہونا چاہیے۔

مرتضی وہاب نے بتایا کہ وزیراعلی سندھ کے احکامات کے بعد کمشنر کراچی اور ٹریفک پولیس سمیت سب ادارے مل کر کام کر رہے ہیں، ہم نے تمام اداروں سے رابطہ کر کے اقدامات کیے ہیں اور سڑکوں کی کلیئرنس پر کام جاری ہے۔میئر کراچی نے کہا کراچی کی سڑکیں تباہ ہوئی ہیں مگر اتوار سے سڑکوں کی تعمیر اور بحالی کا کام شروع کردیا جائے گا، کے ایم سی کے پاس شہر کی 106 مین شاہراہوں کا انتظام ہے ان کی بحالی بطور میئر ان کی ذمہ داری ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ شاہراہ بھٹو میں سیلاب سے شگاف پڑنے کے بعد سیاسی اداکاروں نے وہاں جاکر ہمیں اپنے قائد سے وفا نہ کرنے کے طعنے دیئے، مگر ان دونوں پارٹیوں نے کے ان رہنمائوں نے اپنے قائد سے وفا نہیں کی ہے۔انہوں نے سیاسی مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ "سیاسی اداکار آفت کے وقت کہیں نظر نہیں آتے، یہ صرف ٹی وی یا سوشل میڈیا پر بیٹھ کر تنقید کرتے ہیں۔

وہ اپنا کام کریں اور مجھے میرا کام کرنے دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ "جو لوگ کلائمٹ چینج کو سمجھنے کی کوشش نہیں کرتے وہ احمق ہیں، لیاری اور ملیر ندی کو ہم نے پہلے کبھی اس طرح بہتے نہیں دیکھا تھا۔یونیورسٹی روڈ، شاہراہ پاکستان اور محمود آباد میں پانی جمع ہونے کے سوال پر مرتضی وہاب نے کہا کہ علاقوں کے اندر کی سڑکوں اور گلیوں کی ذمہ داری بہت نیک شریف اور باکردار لوگوں کے پاس ہے، مگر وہ منافق اور نکمے ہیں، اپنا کام کرنے کے بجائے غلط بیانی کرتے ہیں، وہ ان سے ڈرتے نہیں ہیں ادارہ نور حق کے سامنے جا کربھی یہی کہیں گے۔

میئر کراچی نے شاہراہِ بھٹو منصوبے کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ پہلا فیز قیوم آباد سے شاہ فیصل کالونی تک مکمل ہو چکا ہے، دوسرا فیز شاہ فیصل کالونی سے قائدآباد تک ہے، جبکہ تیسرا فیز قائدآباد سے کاٹھور تک زیر تعمیر ہے، اس منصوبے پر بلاوجہ تنقید کی جا رہی ہے۔مرتضی وہاب نے کہا کہ "پہلے انہیں بغضِ پیپلزپارٹی تھا، اب بغضِ کراچی ہو گیا ہے، پنجاب میں قدرتی آزمائش آئی تو کسی نے تنقید نہیں کی، جبکہ بلاول بھٹو نے وہاں جا کر کبھی کسی پر تنقید نہیں کی، مخالفین جتنی مرضی تنقید کریں، ہمارے حوصلے پست نہیں ہوں گے۔

انھوں نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی اور پی ٹی آئی کے زیر انتظام ٹائونز کو بھی چاہیے کہ وہ اپنے حصے کا کام کریں،ادارہ نورحق، بہادر آباد اور انصاف ہاس میرے لیے قابل احترام ہیں، جہاں کراچی کے عوام کے لیے کام کرنے کی بات ہوگی، میں ساتھ کھڑا ہوں۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات