فیصل آباد،منشیات کی تقسیم پر جھگڑے کے دوران مشتعل شخص نے فائرنگ کر کے 2 افراد کو قتل ، ایک کو زخمی کر دیا

جمعرات 11 ستمبر 2025 15:35

فیصل آباد،منشیات  کی تقسیم پر جھگڑے کے دوران  مشتعل  شخص نے فائرنگ کر ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2025ء) فیصل آباد میں تھانہ ساندل بار کے علاقہ نڑوالہ روڈ چک نمبر 56 جے بی گیالہ میں منشیات کی تقسیم پر جھگڑے کے دوران مشتعل شخص نے فائرنگ کر کے 2 افراد کو قتل اور ایک کو زخمی کر دیا۔ ترجمان فیصل آباد پولیس طارق جٹ نے بتایا ہے کہ منشیات کی تقسیم پر جھگڑے کے دوران مشتعل ہو کر اشرف الیاس عرف ملنگی نے فائرنگ کرکے عظیم اور محسن کو قتل کردیا جبکہ رمیز نامی شخص زخمی ہوگیا۔

حکام نے بتایا کہ آرپی او ذیشان اصغر اور سی پی او فیصل آباد صاحبزادہ بلال عمر نے واقعہ کا نوٹس لے کر ملزمان کی فوری گرفتار کے احکامات جاری کئے،جس پر تھانہ ساندل بار پولیس نے فوری کارروائی کرکے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ریسکیو حکام نے بتایا کہ چک نمبر 56 جے بی، چھوٹا غیالہ نڑوالہ روڈ پر فائرنگ کے واقعے کی اطلاع موصول ہوئی۔

(جاری ہے)

راستے میں ریسکیو ٹیم کو موٹر سائیکل پر دو افراد زخمی حالت میں ملے، جن میں40 سالہ عظیم جاں بحق ہو چکا تھا جبکہ 35 سالہ رمیز زخمی تھا جسے موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی ۔

جائے وقوعہ پر پہنچنے پر 30 سالہ محسن کی نعش برآمد ہوئی ۔ ریسکیو ٹیم نے ضروری کارروائی کے بعد نعشوں کو تھانہ ساندل بار پولیس کے حوالے کر دیا۔ پولیس نے نعشیں پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کر دیں ۔ ترجمان فیصل آباد پولیس نے بتایا کہ ایس پی اقبال ٹاؤن نے کارروائی کرتے ہوئے دوہرے قتل کے ملزم کو گرفتار کرکے قانونی کارروائی شروع کردی ہے۔