بانی ایم کیو ایم کے انتقال کی خبریں وائرل،قریبی ذرائع نے ان خبروں کو بے بنیاد اور غلط قرار دیدیا

الطاف حسین اس وقت لندن کے ایک مقامی اسپتال میں زیر علاج ہیں،وہ ڈاکٹروں کی زیر نگرانی ہیں اور ان کی طبیعت مستحکم ہے،پارٹی ذرائع

ہفتہ 12 جولائی 2025 16:27

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2025ء)سوشل میڈیا پر جمعہ کے روز متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم)کے بانی اور ایم کیو ایم لندن کے سربراہ الطاف حسین کے انتقال کی افواہیں تیزی سے وائرل ہوئیں، جن میں دعویٰ کیا گیا کہ وہ لندن میں انتقال کر چکے ہیں۔ تاہم، ان کے قریبی ذرائع نے ان خبروں کو بے بنیاد اور غلط قرار دیا ہے۔ایم کیو ایم کے سینئر رہنمائوں نے ان افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے تصدیق کی ہے کہ الطاف حسین اس وقت لندن کے ایک مقامی اسپتال میں زیر علاج ہیں، جہاں ان کے خون کی منتقلی (Blood Transfusion) اور کچھ دیگر ضروری میڈیکل ٹیسٹ کیے گئے ہیں۔

پارٹی ذرائع کے مطابق وہ ڈاکٹروں کی زیر نگرانی ہیں اور ان کی طبیعت مستحکم ہے۔ایم کیو ایم(لندن)کے ترجمان اور قریبی ساتھی مصطفی عزیز آبادی نے بھی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (سابقہ ٹوئٹر)پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین کا مقامی اسپتال میں میڈیکل چیک اپ کیا گیا، ابتدائی معائنے کے بعد ڈاکٹروں نے مزید تشخیصی ٹیسٹ تجویز کیے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے لکھا کہ الطاف حسین کو متعدد تشخیصی ٹیسٹ تجویز کیے گئے جن میں بلڈ ٹیسٹ، ای سی جی، سی ٹی اسکین، ایکسرے اور الٹراسانڈ شامل ہیں۔ ڈاکٹروں نے ان کی عمومی صحت کو دیکھتے ہوئے خون کی منتقلی (Blood Transfusion) کی بھی سفارش کی، جو کہ مکمل کر لی گئی ہے۔مصطفی عزیزآبادی نے بتایا کہ الطاف حسین کافی عرصے سے شدید ذہنی دبائو کا شکار ہیں، جس میں نہ صرف اندرونی و بیرونی سیاسی دبا، بلکہ لندن میں جاری قانونی مقدمات اور مالی مشکلات بھی شامل ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم اس وقت ان کی صحت کے حوالے سے ایک مشکل مرحلے سے گزر رہے ہیں۔ الطاف بھائی کی صحت یابی کے لیے دعاں کی اپیل ہے۔خیال رہے کہ الطاف حسین گزشتہ تین دہائیوں سے برطانیہ میں خودساختہ جلاوطنی کی زندگی گزار رہے ہیں اور انہیں برطانوی شہریت بھی حاصل ہے۔ ان کے قریبی ذرائع کے مطابق وہ اس وقت بھی ایک میڈیکل ٹیم کی قریبی نگرانی میں ہیں۔