ڈی پی او چارسدہ کی زیر صدارت سیف سٹی پراجیکٹ کے حوالے سے اجلاس

ہفتہ 12 جولائی 2025 17:40

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) چارسدہ محمد وقاص خان کی زیر صدارت سیف سٹی پراجیکٹ سے متعلق اجلاس کا انعقاد کیا گیا۔ ہفتہ کو منعقدہ اجلاس میں ایس پی انوسٹی گیشن سجاد خان، سی اینڈ ڈبلیو ہائی وے چارسدہ کے ایس ڈی او اور سب انجینئر، کنٹریکٹر، پرائیویٹ کمپنی کے نمائندوں سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس کے دوران ضلع چارسدہ میں امن و امان کی بہتری اور جرائم پر مؤثر قابو پانے کے لیے سیف سٹی پراجیکٹ کو تیز تر بنیادوں پر مکمل کرنے کے حوالے سے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس موقع پر نقشے کی مدد سے ضلع کے مختلف داخلی و خارجی راستوں، بازاروں اور دیگر حساس مقامات پر جدید نگرانی کیمروں کی تنصیب کے لیے نشاندہی کی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ڈی پی او چارسدہ محمد وقاص خان نے ہدایت جاری کی کہ سیف سٹی پراجیکٹ کو جلد از جلد جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے مکمل کیا جائے تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ مزید بہتر انداز میں ممکن ہو۔

انہوں نے کہا کہ کیمروں کی تنصیب میں چہروں و گاڑیوں کی شناخت اور پی ٹی زی (پی ٹی زیڈ) ٹیکنالوجی کو لازمی طور پر شامل کیا جائے جبکہ کمانڈ اینڈ کنٹرول سنٹر کو بھی جدید خطوط پر استوار کیا جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ 16 جولائی کو دوبارہ پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے میٹنگ منعقد کی جائے گی جس میں جاری کام کی رپورٹ پیش کی جائے گی اور درپیش چیلنجز کا تفصیلی جائزہ لے کر حل تجویز کیے جائیں گے۔ ڈی پی او چارسدہ نے مزید کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ نہ صرف نگرانی کے نظام کو مؤثر بنائے گا بلکہ پولیس رسپانس ٹائم میں بہتری، جرائم کی روک تھام اور تحقیقاتی عمل کو بھی جدید خطوط پر استوار کرے گا، یہ منصوبہ چارسدہ کو ایک محفوظ اور پُرامن ضلع بنانے کی جانب ایک اہم قدم ہے۔