اخوت فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام ایف ڈی اے کمپلیکس میں 100مستحق گھرانوں میں ساٹھ لاکھ روپے مالیت کے قرض حسنہ کے چیکس تقسم

ہفتہ 12 جولائی 2025 18:56

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) فلاحی تنظیم ''اخوت'' کے زیر اہتمام ایف ڈی اے کمپلیکس کی مسجد میں منعقدہ تقریب کے دوران 100مستحق گھرانوں میں ساٹھ لاکھ روپے مالیت کے قرض حسنہ کے چیکس تقسم کرنے کی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری تھے جبکہ تقریب کی صدارت چیف کوآرڈنیٹر اخوت حاجی محمد عابد نے کی۔

سٹیرنگ کمیٹی کے ارکان چوہدری اسلم جاوید، ڈاکٹر یٰسین رندھاوا، صائم احسان، ڈاکٹر خالد محمود شوق و دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔ ریجنل انچارج اخوت چوہدری خالد نے تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ''اپناگھر اپنی چھت'' پروگرام کے تحت گھروں کی تعمیر سمیت مختلف روزگار کے آغاز اور وسعت کے لئے مختلف مالیت کے قرض حسنہ کے چیکس تقسیم کئے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے محمد آصف چوہدری نے کہا کہ غریب و مستحق افراد کو باعزت روزگار کے لئے بلاسود قرضہ جات کی فراہمی چیئرمین اخوت ڈاکٹر امجد ثاقب کا عظیم کارنامہ ہے جن کی مخلصانہ کاوشوں اور نیک اقدامات کی بدولت قرض حسنہ کا یہ منصوبہ اربوں تک پہنچ چکا ہے جو کہ غربت کے خاتمے کے لئے قابل ستائش اقدام ہے۔ انہوں نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ڈائریکٹر کے طور پر خدمات انجام دینے کے دوران ڈاکٹر امجدثاقب سے متعدد فلاحی منصوبوں کے بارے میں روابطہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی تعلیمات کے مطابق اخوت کا یہ نظام قرض حسنہ کے وسیع منصوبے کے ساتھ تعلیم و صحت اور حکومتی پروگرام کسانوں اور اپنا گھر اپنی چھت کے تحت بلاسود قرضوں کی تقسیم تک وسیع ہوگیا ہے جوکہ اخوت کے منظم و شفاف سسٹم پر بھرپور اعتماد کا مظہر ہے۔

انہوں نے قرضہ حاصل کرنے والے افراد سے کہا کہ وہ اللہ کریم پر کامل بھروسہ کرتے ہوئے اپنے کاروبار میں بھرپور محنت کریں جس سے ان کی معاشی خود کفالت یقینی ہے۔ اس موقع پر چیف کوارڈنیٹر حاجی محمد عابد نے مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے چیئرمین اخوت ڈاکٹر امجد ثاقب کی فلاحی سوچ میں برکات کا ذکر کیا اور قرضہ حاصل کرنے والوں سے کہا کہ وہ اپنی زندگیوں کا رخ بھرپور انداز میں اسلامی تعلیمات کی طرف موڑ لیں ان کے روز گار میں ضرور برکت حاصل ہوگی۔

تقریب سے چوہدری اسلم جاوید، ڈاکٹر یاسین رندھاوا و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ''اپنا گھر انپی چھت'' پروگرام کے تحت اخوت کے ذریعے پنجاب میں اب تک 35 ہزار گھر تعمیر کرنے کے لئے 57 ارب روپے کے بلاسود قرضہ جات تقسیم ہوچکے ہیں جبکہ فیصل آباد ریجن میں ساڑھے تین ہزار گھر تعمیر ہوچکے ہیں۔