صوبائی وزیر خواجہ عمران نذیر کاٹی ایچ کیو ہسپتال جڑانوالہ کا دور،سنگین غفلت پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو عہدے سے ہٹا دیا

ہفتہ 12 جولائی 2025 21:03

صوبائی وزیر  خواجہ عمران نذیر کاٹی ایچ کیو ہسپتال جڑانوالہ کا دور،سنگین ..
فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) صوبائی وزیر صحت و آبادی خواجہ عمران نذیر نے ٹی ایچ کیو ہسپتال جڑانوالہ کا دورہ کیا۔ دورہ کے دوران انہوں نے ہسپتال کے انتظامی امور اور سروس ڈیلیوری میں سنگین غفلت کے مشاہدے پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا دیا۔سی ٹی سکین مشین کی تنصیب9 ماہ گزرنے کے باوجود مکمل نہ ہونے پر صوبائی وزیر نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا۔

شہریوں اور میڈیا نمائندگان کی جانب سے میڈیکل لیگل سرٹیفکیٹ (ایم ایل سی) کے اجراء میں رشوت ستانی کی شکایات موصول ہوئیں جن پر صوبائی وزیر نے فوری طور پر ایک آڈٹ ٹیم تشکیل دے دی اور ایم ایل سی یونٹ میں تعینات ڈاکٹروں کے تبادلوں کے احکامات جاری کردیئے۔صوبائی وزیر صحت و آبادی نے مریضوں کو فراہم کی جانے والی ادویات کے گزشتہ چھ ماہ کے ریکارڈ کی چھان بین کا حکم بھی دیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صحت نے مریضوں سے طبی سہولیات اور ادویات کی دستیابی کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔انہوں نے ہسپتال میں صفائی کی ناقص صورتحال پر بھی سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی۔ ڈیوٹی سے غیر حاضر ایک لیڈی ڈاکٹر کے خلاف محکمانہ کارروائی کے احکامات دیئے گئے۔صوبائی وزیر صحت نے کہا کہ وہ سروس ڈیلیوری کے بارے میں اپنی ٹیم سے باقاعدہ فیڈبیک حاصل کریں گے اور بلاوجہ مریضوں کو دوسرے شہروں میں ریفر کرنے پر سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت و آبادی نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب صوبہ بھر کے ڈسٹرکٹ اور تحصیل سطح کے ہسپتالوں میں ایمرجنسی ریسپانس پروگرام لانچ کر رہی ہیں جو آئندہ دو سے تین ماہ میں فعال کر دیا جائے گا جس سے تمام ہسپتالوں کی ایمرجنسیز کو جدید اور مؤثر بنایا جائے گا۔انہوں نے بتایا کہ ڈاکٹروں کی حاضری کو سختی سے مانیٹر کیا جا رہا ہے اور سروس ڈیلیوری میں غفلت پر جزا و سزا کا مؤثر نظام نافذ کر دیا گیا ہے۔اس موقع پر ایم پی اے خان بہادر ڈوگر اور اسسٹنٹ کمشنر رنگ زیب گورایہ بھی صوبائی وزیر کے ہمراہ تھے۔