یتیم بچوں کی کفالت میں ہر شخص کو اپنا حصہ ضرور ڈالنا چاہئے، سردار محمد یوسف

ہفتہ 12 جولائی 2025 20:50

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) وفاقی وزیر مذہبی امور و بین المذایب آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ دیار غیر میں رہنے والے پاکستانیوں نے ہمیشہ مشکل وقت میں بھرپور سپورٹ کیا، معاشرے میں موجود غریب، نادار اور یتیم بچوں کی کفالت میں اپنا حصہ ڈال کر انہیں معاشرہ کا بہترین شہری بنانے میں ہر ایک کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔

وہ ہفتہ کو امریکہ میں مقیم پاکستانیوں کے رفاعی ادارے زکوٰة فاؤنڈیشن کے زیراہتمام یونین کونسل بٹل کے 100 یتیم بچوں میں ہائجین کٹس کی تقسیم تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ تقریب میں مسلم لیگ (ن) ہزارہ ڈویژن کے صدر اور خیبر پختونخوا اسمبلی میں مسلم لیگ (ن) کے پارلیمانی لیڈر سردار شاہ جہان یوسف سمیت عوامی نمائندوں اور یتیم بچوں نے بھرپور شرکت کی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر نے کہا کہ یتیموں کی کفالت ایک عظیم صدقہ جاریہ ہے، امریکہ میں رہنے والے پاکستانیوں کی طرف سے ان بچوں کی کفالت کا ذمہ لینا قابل تقلید ہے۔ انہوں نے کہا کہ صاحب ثروت لوگوں کو اس کارخیر میں آگے آنا چاہئے اور معاشرہ میں موجود غریب، نادار اور یتیم بچوں کی کفالت میں اپنا حصہ ڈال کر انہیں معاشرہ کا بہترین شہری بنانے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ اس موقع پر انہوں نے یتیم بچوں میں ہائجین کٹس بھی تقسیم کیں۔