مون سون سیزن کے دوران ملک بھر میں 49 بچوں سمیت 104 شہری جاں بحق، 413 گھر تباہ ہوگئے

اتوار 13 جولائی 2025 16:00

مون سون سیزن کے دوران ملک بھر میں 49 بچوں سمیت 104 شہری جاں بحق، 413 گھر ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2025ء)حالیہ مون سون بارشوں کے دوران 26 جون سے 12 جولائی تک ملک بھر میں 49 بچوں سمیت 104 شہری جاں بحق اور 200 زخمی ہوئے، اب تک 413 گھر تباہ ہوئے، اور 111 جانور بھی ہلاک ہو چکے ہیں۔نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق مون سون بارشوں نے گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 6 افراد کی جان لے لی۔این ڈی ایم اے نے حالیہ مون سون بارشوں اور سیلاب سے ہونے والی تباہی، مالی اور جانی نقصان کی رپورٹ جاری کردی ہے جس میں اب تک ملک کے مختلف علاقوں میں 104 افراد کے جاں بحق ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

جاں بحق ہونے والوں میں 49 بچے،37 مرد اور 18 خواتین شامل ہیں۔این ڈی ایم اے کی رپورٹ کے مطابق اب تک 200 افراد مختلف واقعات میں زخمی بھی ہوئے ہیں، زخمی ہونے والوں میں 78 مرد، 76بچے اور 46 خواتین شامل ہیں۔

(جاری ہے)

این ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مون سون بارشوں سے 6 افراد ہلاک ہوئے، جب کہ مختلف واقعات میں 15 افراد زخمی بھی ہوئے۔رپورٹ کے مطابق 24 گھنٹے میں اب تک بلوچستان میں 3، پنجاب میں 2 اور خیبرپختونخوا میں ایک شہری جاں بحق ہوا، بلوچستان میں جاں بحق ہونے والوں میں دو بچے بھی شامل ہیں۔رپورٹ کے مطابق اب تک 413 گھر تباہ ہوئے، اور 111 جانور بھی ہلاک ہو چکے ہیں، حکام کا کہنا ہیکہ سب سے زیادہ جانی نقصان فلیش فلڈنگ کے باعث ہوا ہے