صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کی زیر صدارت اہم اجلاس، لیڈی ولنگٹن ہسپتال کے تین یونٹس کی عارضی منتقلی کا فیصلہ

ہفتہ 12 جولائی 2025 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق اور سیکرٹری صحت عظمت محمود خان کی زیر صدارت محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن میں اہم اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں سپیشل سیکرٹری آپریشنز طارق محمود رحمانی، وڈیو لنک کے ذریعے وائس چانسلر کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر محمود ایاز، پرو وائس چانسلر پروفیسر معین اور متعلقہ ہسپتالوں کے ایم ایس حضرات نے شرکت کی۔

صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ محکمہ سپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی درخواست پر بلڈنگ ڈیپارٹمنٹ نے گورنمنٹ لیڈی ولنگٹن ہسپتال لاہور کی بلڈنگ کا معائنہ کیا اور اس بلڈنگ کو مخدوش قرار دے دیا جس کے باعث اس ہسپتال کے تین یونٹس کو گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال لاہور، گورنمنٹ نواز شریف ہسپتال یکی گیٹ اور لیڈی ایچیسن ہسپتال لاہور میں عارضی طور پر قلیل عرصہ کیلئے منتقل کیا جا رہا ہے۔

(جاری ہے)

لیڈی ولنگٹن ہسپتال کی ایمرجنسی اور اوپی ڈی ہسپتال میں ہی محفوظ اور نئی عمارت میں مکمل فعال رہیں گے۔اس حوالہ سے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے جو لیڈی ولنگٹن ہسپتال کے تین یونٹس کی منتقلی کے عمل کو مانیٹر کرے گی۔ وزیر اعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق حکومت لیڈی ولنگٹن ہسپتال لاہور کا 7 ارب 60 کروڑ روپے کی مالیت سے 235 بستروں پر مشتمل نیا کمپلیکس تعمیر کروا رہی ہے۔

خواجہ سلمان رفیق نے کہاکہ آئی ڈیپ کو اس کمپلیکس پر برق رفتاری سے کام مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ اس کمپلیکس کے مکمل ہوتے ہی لیڈی ولنگٹن ہسپتال لاہور کے تمام یونٹس کو نئی بلڈنگ میں فورا شفٹ کر دیا جائے گا۔لیڈی ولنگٹن ہسپتال لاہور میں مریضوں کی آسانی کیلئے دو ایمبولینسز و اضافی عملہ بھی تعینات کیا جائے گا۔