عدالت نے قتل کے مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر ایک مجرم کوپھانسی اور دوسرے مجرم کو عمر قید کی سزا سنا دی

ہفتہ 12 جولائی 2025 21:20

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 جولائی2025ء) ملتان کی سیشن عدالت نے قتل مقدمے میں جرم ثابت ہونے پر ایک مجرم کوپھانسی اور دوسرے مجرم کو عمر قید کی سزا سنا دی۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل سیشن جج جلالپورپیروالا نے ٹرائل مکمل ہونے پر قتل مقدمے کا فیصلہ سنایا۔معزز عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مجرم محمد آصف کو پھانسی اور مجرم سو نہارا عرف گڈولی کو عمر قید کی سزا کا حکم دیتے ہوئے قرار دیا کہ مجرم آصف مقتول کے ورثاء کو پانچ لاکھ روپے اور مجرم سونہارا عرف گڈولی مقتول کے ورثاء کو ایک لاکھ روپے ہرجانہ کے طور پر بھی ادا کریں گے۔

مجرمان محمد آصف اور سونہارا نے سال 2021ء میں تھانہ سٹی جلالپورپیروالا کی حدود بستی ساون میں بشیر احمد کو قتل کیا تھا،مجرم محمد آصف کے خلاف تھانہ دھور کوٹ میں زناء کا مقدمہ درج تھا،مجرم محمد آصف کو شبہ تھا کہ بشیر احمد اسے پکڑوانے کے لیے مخبری کرتا ہے،جس بنا پر اس نے اپنے ساتھی سونہارا عرف گڈولی کے ساتھ مل کر بشیر احمد کو قتل کیا تھا۔

(جاری ہے)

پولیس تھانہ سٹی جلالپورپیروالا نے وقوعہ کا مقدمہ 433/21 بجرم 302/109/34 درج کر کے ملزمان کو گرفتار کیا اور ان کے خلاف ٹھوس شواہد کے ساتھ تفتیش مکمل کر کے چالان عدالت میں پیش کیا۔جس پر معزز عدالت نے جرم ثابت ہونے پر مجرم محمد آصف کو پھانسی اور مجرم سو نہارا عرف گڈولی کو عمر قید کی سزا کے ساتھ ہرجانے ادا کرنے کا حکم دیا۔