حاجی عاشق حسین میموریل جنرل ایمرجنسی ہاسپیٹل اینڈ ڈائیلاسس سنٹر تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے ،ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان

اتوار 13 جولائی 2025 14:10

سیالکوٹ ،13 جولائی (اے پی پی) (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) سیالکوٹ کے عوام کے لیے ایک خوش آئند خبر ہے کہ سیدپور گوندل روڈ پر تعمیر ہونے والا "حاجی عاشق حسین میموریل جنرل ایمرجنسی ہاسپیٹل اینڈ ڈائیلاسس سنٹر" اپنی تکمیل کے آخری مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور بہت جلد جدید ترین طبی سہولیات سے آراستہ یہ ہسپتال باقاعدہ طور پر اپنی خدمات کا آغاز کرے گا۔

اس اہم پیشرفت کا اظہار سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ہسپتال کی انتظامی امور جائزہ کمیٹی کے اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہسپتال کسی ذاتی یا تجارتی مقصد کے تحت نہیں بلکہ خالصتاً فلاحی جذبے اور انسانیت کی خدمت کے مشن کے تحت قائم کیا جا رہا ہے تاکہ وہ لوگ جو وسائل کی کمی یا سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے علاج معالجے کے لیے دربدر ہوتے ہیں، انہیں ان کے اپنے شہر میں ہی معیاری، فوری ، مفت طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ہسپتال میں سٹیٹ آف دی آرٹ مشینری نصب کر دی گئی ہے اور ماہر ڈاکٹروں، نرسوں اور تکنیکی عملے پر مشتمل ٹیم بھرتی کی جا چکی ہے جو 24 گھنٹے ایمرجنسی خدمات کے لیے ہمہ وقت دستیاب ہو گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہسپتال سیالکوٹ اور گردونواح کے عوام کے لیے ایک امید کی کرن ثابت ہو گا کیونکہ بروقت اور مؤثر علاج نہ ملنے کے باعث اب تک کئی قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں، مگر اس ادارے کے قیام سے حالات میں واضح بہتری آئے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ ادارے کا وژن صرف ایک ہسپتال تک محدود نہیں بلکہ مستقبل میں یہاں کینسر وارڈ، کارڈیالوجی یونٹ، زچہ و بچہ سنٹر اور موبائل میڈیکل سروسز کا آغاز بھی کیا جائے گا تاکہ دور دراز دیہات کے رہائشیوں تک بھی طبی سہولیات پہنچائی جا سکیں۔ ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ہسپتال کی تعمیر، تیاری اور انتظامی امور میں شامل تمام افراد کی محنت کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ادارہ انسانیت سے محبت، ہمدردی اور خدمت کی ایک روشن مثال ہے جو آنے والے وقت میں سیالکوٹ کی تاریخ کا فخر بنے گا۔ ہسپتال کا باقاعدہ افتتاح آئندہ چند ہفتوں میں متوقع ہے، جس کے لیے انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔