واسا انتظامیہ نے مون سون سیزن کے اختتام تک تمام آپریشنز سٹاف کی چھٹیوں پر پابندی عائد کر دی

اتوار 13 جولائی 2025 17:10

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) مینجنگ ڈائریکٹر واسا فیصل آباد سہیل قادر چیمہ کی ہدایت پر مون سون سیزن کے اختتام تک تمام آپریشنز سٹاف کی چھٹیوں پر پابندی عائد کر دی گئی۔ واسا ایڈمنسٹریشن کی جانب سے جاری کئے نوٹیفکیشن کے مطابق مون سون سیزن کے دوران شہریوں کو فراہمی و نکاسی آب کی سروسز ڈیلیوری کو مزید بہتر بنانے کے لئے تمام ٹیکنیکل اور آپریشنز سٹاف کو کسی قسم کی چھٹی نہیں ملے گی جس کے لئے تمام ڈی ایم ڈیز، ڈائریکٹرز کو اس حکم نامے پر سختی کے ساتھ عمل درآمد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں ایم ڈی واسا سہیل قادر چیمہ نے واضع کیا ہے کہ موسم برسات کے دوران بارشوں کے پانی کی فوری نکاسی اور شہریوں کو ریلیف دینے کے لئے خصوصی اقدامات کئے جا رہے ہیں اور اس حوالے سے تمام ٹیکنیکل اور آپریشنز سٹاف کی چھٹیوں پر پابندی عائد کر دی گئی ہے کیونکہ مون سون سیزن کے ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس کے بعد سٹاف کو کسی قسم کی چھٹی نہیں دی جا سکتی۔ انہوں نے مزید کہا پبلک انٹرسٹ میں تمام آپریشنز سٹاف کو ان کے ڈیوٹی پوائنٹس پر متعین کر دیا گیا ہے اور ڈیوٹی کے دوران کسی قسم کی غفلت اور کوتاہی کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگی۔