ڈی جی ریسکیو 1122 کا ریسکیو اسٹیشن پشاور کا دورہ، مون سون ایمرجنسی پلان کا جائزہ لیا

اتوار 13 جولائی 2025 18:10

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جولائی2025ء) ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا، محمد طیب عبداللہ نے اتوار کے روز پشاور میں ریسکیو 1122 کے مرکزی اسٹیشن کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے مون سون اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ادارے کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ دورے کے دوران ڈی جی ریسکیو نے جدید آلات، واٹر ریسکیو آلات اور غوطہ خور یونٹس کا معائنہ کیا اور متعلقہ ماہر اہلکاروں سے ملاقات کی۔

انہوں نے تمام آلات کی فنکشنل حالت، دستیابی اور آپریشنل تیاری کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور ہدایات جاری کیں کہ کسی بھی ہنگامی صورتِ حال میں فوری اور مؤثر ردِعمل یقینی بنایا جائے۔ ڈی جی ریسکیو نے کہا کہ ریسکیو 1122 ہر قدرتی آفت یا ہنگامی صورتحال میں صوبے کے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔

(جاری ہے)

ممکنہ سیلابی خطرات کے پیش نظر الرٹس جاری کر دیے گئے ہیں، تمام اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں اور ادارہ فسٹ ریسپونڈر کے طور پر مکمل الرٹ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ مون سون سیزن کے دوران تمام اضلاع میں ریسکیو 1122 کی ٹیمیں 24/7 ایمرجنسی موڈ میں کام کریں گی اور کسی بھی صورتحال میں پیشہ ورانہ انداز میں فوری ریسپانس فراہم کیا جائے گا۔ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے نہ صرف تکنیکی وسائل سے لیس ہے بلکہ تربیت یافتہ افرادی قوت کے ساتھ ہر ممکن اقدامات کر رہا ہے تاکہ عوام کو بروقت اور مؤثر ریلیف فراہم کیا جا سکے۔