بٹ کوئن کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 22 ہزار ڈالر سے تجاوز کر گئی

پیر 14 جولائی 2025 11:00

بٹ کوئن کی قیمت  تاریخ کی بلند ترین سطح  ایک لاکھ 22 ہزار ڈالر  سے تجاوز ..
ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) ڈیجیٹل کرنسی ’’ بٹ کوئن‘‘ کی قیمت تاریخ کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 22 ہزار ڈالر سے تجاوز کر گئی۔کرپٹو کرنسی ایکسچینج ’’بائنانس‘‘ کے اعدادو شمار کے مطابق پیر کی صبح بٹ کوئن کی قیمت اپنی تاریخ کی بلند ترین سطح پر ریکارڈ کی گئی اور بٹ کوئن ایک لاکھ 22 ہزار 445 ڈالر میں ٹریڈ ہوا ، اس سے پہلے 9 جولائی کو بٹ کوئن کی قیمت نے اپنی نئی بلند ترین سطح حاصل کی تھی، جب ایک بٹ کوئن کی قیمت ایک لاکھ 11 ہزار ڈالر سے تجاوز کر گئی۔

بٹ کوائن ایک ڈی سنٹرلائزڈ کرپٹو کرنسی نظام ہے جو بلاک چین ٹیکنالوجی پر مبنی ہے اور اسے نظام میں شامل کوئی بھی صارف مائن کر سکتا ہے، حالیہ برسوں میں بٹ کوائن کی مقبولیت میں زبردست اضافہ ہوا ہے تاہم مارکیٹ میں بٹ کوئن کی تعداد محدود ہے اور زیادہ تر بٹ کوئنز پہلے ہی "مائن" کئے جا چکے ہیں۔

(جاری ہے)

بٹ کوئن کو 2009 میں متعارف کروایا گیا اور اس وقت اس کی قیمت 0.09 ڈالر تھی۔

2011 میں اس کی قیمت 26.90 ڈالر تک پہنچ گئی اور 2014 کے آغاز میں اس کی قیمت 1238 ڈالر ریکارڈ کی گئی جس کے بعد اس کی قیمت میں تیزی سے کمی آئی اور 2014 کے اختتام تک یہ 315.21 ڈالر تک گر گئی، 18-2017 کے دوران اس کی قیمت میں تیزی سے اضافہ ہوا اور دسمبر 2018 میں یہ 20 ہزار ڈالر تک پہنچ گئی۔ دسمبر 2019 میں اس کی قیمت ایک بار پھر گراوٹ کا شکار ہوئی اور 6635 ڈالر تک گر گئی تاہم دسمبر 2021 میں بٹ کوئن پہلی بار 49 ہزار کی حد سے تجاوز کر گیا، دسمبر 2022 میں اس کی قیمت کم ہو کر 18 ہزار اور نومبر 2024 میں 77 ہزار ڈالر تک پہنچی۔