پروفیسر ڈاکٹر غلام مجتبیٰ شاہ ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے پرو وائس چانسلر تعینات، عہدے کا چارج سنبھال لیا

پیر 14 جولائی 2025 15:18

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) محکمہ اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا نے ہزارہ یونیورسٹی مانسہرہ کے باٹنی ڈیپارٹمنٹ کے چیئرپرسن پروفیسر ڈاکٹر غلام مجتبیٰ شاہ کو یونیورسٹی کا پرو وائس چانسلر تعینات کر دیا۔ انہوں نے یونیورسٹی کے قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن سے اپنے عہدے کا باقاعدہ چارج لے لیا۔

اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر غلام مجتبیٰ شاہ نے کہا کہ یونیورسٹی کے پروفیسرز، فیکلٹی ممبران، انتظامی افسران اور دیگر ملازمین ٹیم ورک کا حصہ ہوتے ہیں اور انہیں یقین ہے کہ تجربہ کار ملازمین یونیورسٹی کے تعلیمی، تحقیقی اور انتظامی شعبوں میں بہتری لانے کے لئے بھرپور کوشش کریں گے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ تدریس و تحقیق کے معیار میں جدت اور وسعت لائی جائے گی اور زیر تعلیم طلبہ کو مثبت اور پرامن تعلیمی ماحول فراہم کرنے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

قائم مقام وائس چانسلر پروفیسر پروفیسر ڈاکٹر شفیق الرحمن نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے گزشتہ ڈیڑھ ماہ کے دوران یونیورسٹی کے تعلیمی و انتظامی معاملات کو احسن طریقے سے سرانجام دینے کی بھرپور کوشش کی ہے اور انہیں امید ہے کہ یونیورسٹی کے ڈینز، پروفیسرز، انتظامی افسران اور دیگر سٹاف پروفیسر ڈاکٹر غلام مجتبیٰ شاہ کی زیرنگرانی اپنی صلاحیتوں کو یونیورسٹی کی بہتری کے لئے استعمال کریں گے۔

واضح رہے کہ پروفیسر ڈاکٹر غلام مجتبیٰ شاہ باٹنی کے شعبے میں ایک ممتاز محقق اور ماہر تعلیم کی حیثیت رکھتے ہیں۔ وہ اس سے قبل یونیورسٹی میں ڈین فیکلٹی آف آرٹس اینڈ ہیومنٹیز، ڈائریکٹر او آر آئی سی، چیئرمین فارمیسی ڈیپارٹمنٹ، مائیکرو بیالوجی اور بائیو انفارمیٹکس ڈیپارٹمنٹ کے عہدوں پر بھی فائز رہے ہیں۔ پروفیسر ڈاکٹر غلام مجتبیٰ شاہ 3000 سے زائد امپیکٹ فیکٹر کے ساتھ سینکڑوں تحقیقی مقالہ جات کے مصنف بھی ہیں اور اب تک وہ 84 ایم فل اور 10 پی ایچ ڈی سکالرز کے سپروائزر کی خدمات بھی سر انجام دے چکے ہیں۔

یونیورسٹی ملازمین اور طلبہ نے ان کی تعیناتی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ان کی قیادت میں یونیورسٹی مزید ترقی کرتے ہوئے تعلیم و تحقیق کے میدان میں نئے سنگ میل عبور کرے گی۔

متعلقہ عنوان :