قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس

رواں سال کا حج سابقہ سالوں سے شاندار رہا ہے ، سعودی حکومت کی جانب سے ایکسی لینسی ایوارڈ دیا گیا، وفاقی وزیر

پیر 14 جولائی 2025 22:25

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جولائی2025ء) قومی اسمبلی کی مذہبی امور کمیٹی کو وفاقی وزیر نے بتایا ہے کہ امسال حج سے رہ جانے والے 67ہزار عازمین کے معاملے پر وزیر اعظم کی جانب سے بنائی جانے والی کمیٹی کی رپورٹ جلد ہی کمیٹی میں پیش کردی جائے گی۔

(جاری ہے)

سوموار کو قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے مذہبی امور کا اجلاس چیئرمین کمیٹی ملک عامر ڈوگر کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہائوس میں منعقد ہوا اجلاس میں وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف سمیت سیکرٹری مذہبی امور اور دیگر حکام نے شرکت کی وفاقی وزیر نے کمیٹی کو بتایا کہ اس سال کا حج سابقہ سالوں سے شاندار رہا ہے انہوں نے کہاکہ اس حوالے سے سعودی حکومت کی جانب سے ایکسی لینسی ایوارڈ دیا گیا اور وزیر اعظم نے بھی کامیاب حج پر مبارک اور شیلڈ بھی دی ہے انہوں نے کہاکہ حج کے دوران اگر کسی کو شکایت ہوئی تو فوری حل کی گئی جس سے حجاج مطمئن ہوئے ہیں انہوں نے کہاکہ مشاعر میں سپلٹ ایئر کنڈیشنز کا اہتمام کیا گیا ہمارے حج معاونین نے بھی پوری ذمہ دادی سے کام کیا اسی طرح عرفات میں بھی ایئر کنڈیشن دیئے گئے انہوں نے کہاکہ نئی حج پالیسی سعودی عرب کی تعلیمات کے مطابق جلد ہی کابینہ میں پیش کریں گے انہوں نے کہاکہ حج پالیسی کی تیاری جاری ہے ارکان پارلیمنٹ حج پالیسی میں اپنی تجاویز پیش کرسکتے ہیں اس موقع پر چیرمین کمیٹی نے کہاکہ تنقید برائے تنقید نہیں بلکہ واقعی سرکاری حج سکیم کے بہترین انتظامات تھے انہوں نے کہاکہ جو 67ہزار پرائیویٹ عازمین رہ گئے تھے ان کا مستقبل میں مسئلہ حل کیا جائے انہوں نے کہاکہ کابینہ کمیٹی 67ہزار عازمین کے ساتھ جو ہوا اسے دیکھیں اس موقع پر وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہاکہ تکینکی غلطی کی وجہ سے 63 ہزار عازمین رہ گئے تھے انہوں نے کہاکہ اس مسئلے پر وزیر اعظم نے تحقیقات کے لئے کمیٹی بنائی ہوئی ہے تحقیقاتی کمیٹی کی رپورٹ تیار ہوجائے تو وہ کمیٹی میں پیش کردیں گے۔

۔۔