وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت راولپنڈی ریلوے ہسپتال کی اپ گریڈیشن سے متعلق اہم اجلاس کا انعقاد

پیر 14 جولائی 2025 20:00

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کی زیر صدارت راولپنڈی ریلوے ہسپتال کی اپ گریڈیشن سے متعلق ایک اہم اجلاس وزارت ریلوے میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں ہسپتال کی بحالی و ترقی کے منصوبے پر تفصیلی غور کیا گیا۔محمد حنیف عباسی نے کہا کہ راولپنڈی ریلوے ہسپتال کو اسلامک انٹرنیشنل میڈیکل کالج ٹرسٹ (آئی آئی ایم سی ٹی) کے تعاون سے جوائنٹ وینچر کے تحت جدید طبی مرکز میں تبدیل کیا جا رہا ہے۔

منصوبے کا مقصد ہسپتال کو ایک ماڈل ہسپتال کی صورت دینا ہے جہاں جدید ترین طبی سہولیات، سٹیٹ آف دی آرٹ مشینری اور اعلیٰ معیار کا علاج میسر ہو۔وفاقی وزیر نے اعلان کیا کہ ہسپتال کو 500 بستروں پر مشتمل مکمل طبی مرکز میں تبدیل کیا جائے گا تاکہ نہ صرف ریلوے ملازمین بلکہ عام شہری بھی اس سے مستفید ہو سکیں، اپ گریڈیشن کے بعد ہسپتال میں یومیہ 5000 مریضوں کے علاج کی گنجائش ہوگی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا کہ میری پہلی ترجیح ریلوے ملازمین کا باعزت، معیاری اور مکمل علاج ہے۔محمد حنیف عباسی نے اس بات پر زور دیا کہ ہسپتال میں تمام ٹیسٹ اور علاج کی سہولیات دستیاب ہوں گی اور ریلوے ملازمین و ان کے اہل خانہ کو مکمل طبی تحفظ فراہم کیا جائے گا،اس منصوبے سے نہ صرف محکمہ ریلوے کے ملازمین کو فائدہ پہنچے گا بلکہ عام عوام کو بھی سستی اور معیاری طبی سہولیات میسر آئیں گی۔انہوں نے متعلقہ حکام کو ہسپتال کی جلد از جلد تکمیل اور اپ گریڈیشن کے عمل کو تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہسپتال کی ترقی وزارت ریلوے کی سماجی ذمہ داری کا اہم حصہ ہے اور یہ ہسپتال ریلوے ملازمین کے اعتماد اور صحت کی علامت بنے گا۔

متعلقہ عنوان :