Live Updates

مون سون کی حالیہ بارشوں کے بعد ضلعی انتظامیہ اور واسا کی ٹیمیں متحرک ہیں،سید موسیٰ رضا

پیر 14 جولائی 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) ڈپٹی کمشنر لاہور سید موسیٰ رضا کی ہدایت پر مون سون کی حالیہ بارشوں کے بعد ضلعی انتظامیہ اور واسا کی ٹیمیں متحرک ہیں۔ شہر کے تمام زونز میں نکاسی آب کے عمل کو یقینی بنانے کے لیے متعلقہ عملہ اور مشینری بھرپور انداز میں کام کر رہے ہیں۔ڈی سی لاہور نے بتایا کہ شالیمار، علامہ اقبال ٹاون، راوی، ماڈل ٹاون، نشتر، رائیونڈ، سٹی، کینٹ اور واہگہ سمیت تمام تحصیلوں میں صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے۔

تمام اسسٹنٹ کمشنرز فیلڈ میں موجود ہیں اور نکاسی آب کی نگرانی خود کر رہے ہیں۔ سید موسیٰ رضا نے کہا کہ شہریوں کو بارش کے دوران کسی قسم کی تکلیف نہیں ہونی چاہئے، یہی ضلعی انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واسا کو ہدایت کی کہ خصوصا نشیبی علاقوں سے پانی کی مکمل نکاسی کو ترجیحی بنیادوں پر یقینی بنایا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ شہر کے تمام انڈر پاسز کلیئر کر دئیے گئے ہیں اور عوامی شکایات پر فوری کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔

مسائل کی نشاندہی پر موقع پر ہی اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی دقت نہ ہو۔انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ بارشوں کے دوران کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ضلعی ادارے مکمل تیار ہیں اور نکاسی آب کے نظام کو مزید بہتر بنانے کے لیے طویل مدتی منصوبوں پر بھی کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کی حفاظت اور سہولت ضلعی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات