سی ایم فری وائی فائی سروس کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا

ہفتہ 27 ستمبر 2025 21:58

سی ایم فری وائی فائی سروس کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 ستمبر2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر میں سی ایم فری وائی فائی سروس کا دائرہ کار وسیع کر دیا گیا ۔پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق لاہور میں اس وقت 442 مقامات پر یہ سہولت میسر ہے، جہاں 5 کروڑ 80 لاکھ سے زائد صارفین اب تک تقریباً 1191 ٹیرا بائٹ ڈیٹا استعمال کر چکے ہیں۔لاہور کے علاوہ پنجاب کے 23 اضلاع میں بھی عوام کو مفت انٹرنیٹ فراہم کیا جا رہا ہے جس میں کل 952 عوامی مقامات شامل ہیں۔

یہ سروس بڑے شہروں اور اہم عوامی مقامات پر فراہم کی گئی ہے تاکہ شہریوں کو فوری اور سہل انٹرنیٹ رسائی حاصل ہو سکے۔حکومت نے اس سہولت کو خواتین کے 450 سرکاری کالجوں تک بھی پھیلانے کا اعلان کیا ہے۔ حکام کے مطابق کالجز میں وائی فائی کا مقصد تعلیمی وسائل تک بہتر رسائی، طالبات کی حفاظت میں اضافہ اور ہنگامی حالات میں بروقت مدد فراہم کرنا ہے۔

(جاری ہے)

حالیہ اپ گریڈیشن میں وائی فائی 6 ٹیکنالوجی بھی متعارف کروائی گئی ہے جس سے تیز رفتار انٹرنیٹ، کم تعطل اور زیادہ ہجوم والے علاقوں میں بہتر کارکردگی ممکن ہو سکے گی۔لاہور میں ہاٹ سپاٹس کی تعداد بھی تیزی سے بڑھی ہے، جو چند ماہ میں تقریباً 230 سے بڑھ کر 430 سے زیادہ ہو چکی ہے۔انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ مفت وائی فائی سروس بنیادی اور ہنگامی ضرورت کے تحت فراہم کی گئی ہے جیسے تعلیم، رابطے اور حکومتی خدمات تک رسائی۔ یہ سہولت ویڈیو اسٹریمنگ یا تفریحی مقاصد کے لیے نہیں ہے، اس کے لیے مواد کی فلٹرنگ اور استعمال پر نگرانی کا نظام بھی نافذ کیا گیا ہے۔