راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی نے شعیب رشید کی آنریری ورک پرمیشن کو فوری طور پر تا حکم ثانی معطل کر دیا

پیر 14 جولائی 2025 22:40

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2025ء) راولپنڈی انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی انتظامیہ نے اپنے وضاحتی بیان میں میڈیا کو بتایا کہ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں ای سی جی سروسز سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی حالیہ شکایت کے حوالے سےہسپتال انتظامیہ کی جانب سے ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی جس نے معاملے کی مکمل تحقیقات کی۔

تفصیلی رپورٹ متعلقہ اعلیٰ حکام کو پیش کر دی گئی ہے۔اگرچہ شکایت جزوی طور پر بے بنیاد پائی گئی تاہم شعیب رشید (ہیلپر/آنریری) کا رویہ اور طرز عمل جیسا کہ ویڈیو میں ریکارڈ کیا گیا اور رپورٹ کیا گیا، مریضوں کی دیکھ بھال کے ماحول میں درکار پیشہ ورانہ معیار کے مطابق نہیں تھا۔انکوائری کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں اور ادارے میں نظم و ضبط اور معیاری مریض نگہداشت کو یقینی بنانے کے لئے شعیب رشید کی آنریری ورک پرمیشن کو فوری طور پر تا حکم ثانی معطل کر دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

آرآئی سی کی جانب سے مزید وضاحت کی گئی کہ RIC کے ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ میں زیادہ تر تشویشناک حالت کے مریض لائے جاتے ہیں جنہیں فوری اور جان بچانے والی طبی امداد کی ضرورت ہوتی ہے۔ ایمرجنسی روزانہ 750 سے 1000 مریضوں کو سہولیات فراہم کرتی ہے، اس لیے ضروری ہے کہ مریضوں کے بہاؤ کو منظم انداز میں چلایا جائے۔ چنانچہ وہ مریض جو نازک حالت میں نہیں ہیں، اُن سے گزارش ہے کہ وہ اپنی باری کے مطابق قطار میں انتظار کریں اور ان کے ہمراہ آنے والے افراد سے بھی تعاون کی درخواست کی جاتی ہے تاکہ تمام مریضوں کو بروقت اور مؤثر علاج کی سہولت فراہم کی جا سکے۔