او آئی سی کے سیکرٹری جنرل سے فلسطینی نمائندے کی ملاقات، غزہ اور مغربی کنارے کی صورتحال بارے تبادلہ خیال کیا

منگل 15 جولائی 2025 08:50

ریاض (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) اسلامی کانفرنس تنظیم (او آئی سی)کے سیکرٹری جنرل حسین ابراہیم طحٰہ سے جدہ میں فلسطین کے مستقل نمائندے ہادی شبلی نے ملاقات کی اور اسرائیل کی جانب سے انسانی حقوق کی مسلسل خلاف ورزیوں کے باعث علاقے کی بگڑتی صورتحال بارے تبادلہ خیال کیا۔

(جاری ہے)

سعودی خبررساں ادارے (ایس پی اے )کے مطابق ملاقات میں مستقل نمائندے نے فلسطین کی بگڑتی ہوئی صورتحال، غزہ میں بڑھتے ہوئے انسانی بحران، مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے جاری خلاف ورزیوں اور جرائم کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

اسرائیلی وزرا اور حکام کے اشتعال انگیز بیانات، مغربی کنارے کو ضم کرنے کے منصوبے اور علاقے پر اسرائیلی خود مختاری کے دعوے بارے بھی بات چیت کی گئی۔ حسین ابراہیم طحٰہ نے فوری اور دیرپا جنگ بندی، غزہ میں انسانی امداد کی فراہمی، فلسطینیوں کے لیے بین الاقوامی تحفظ کو یقینی بنانے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل کی سپورٹ کے لیے او آئی سی کے عزم کا اعادہ کیا۔