چیئرپرسن ویمن کمیشن محترمہ ریحانہ خان کی جانب سے مرکزی ایوانِ صحافت کے نومنتخب عہدیداران کو مبارکباد

صحافی برادری کا کردار معاشرتی بہتری میں کلیدی حیثیت رکھتا ہے، خواتین کے مسائل کو اجاگر کرنے میں صحافت کا اہم رول رہا ہے،ریحانہ خان

منگل 15 جولائی 2025 16:09

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)ویمن کمیشن آزاد جموں و کشمیر کی چیئرپرسن محترمہ ریحانہ خان نے مرکزی ایوانِ صحافت مظفرآباد کے سال 2025 کے لیے منتخب ہونے والے عہدیداران اور مجلسِ عاملہ کے ممبران کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ ایوانِ صحافت کا کردار نہ صرف ریاستی معاملات میں اہم ہے بلکہ خواتین اور پسماندہ طبقات کے مسائل اجاگر کرنے میں بھی یہ ادارہ ہمیشہ پیش پیش رہا ہے۔

(جاری ہے)

محترمہ ریحانہ خان نے کہا کہ صحافی برادری نے ہر دور میں جرات مندی اور دیانتداری کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں نبھائی ہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب صدر سجاد احمد میر اور ان کی ٹیم خواتین کے مسائل کو بھی اپنی ترجیحات میں شامل رکھتے ہوئے مثبت صحافت کو فروغ دیں گے۔انہوں نے کہا کہ صحافت معاشرے کی آنکھ اور زبان ہے، اور صحافیوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ مظلوم، نظرانداز شدہ اور کمزور طبقات کی آواز بنیں۔ ویمن کمیشن صحافی برادری کے ساتھ ہر ممکن تعاون جاری رکھے گا۔