پولیس مقابلے میں مارے جانے والے مچھو گینگ کے کارندے کی مخبری کا الزام، مسلح افراد نے 2کمسن بچوں کو قتل کردیا

منگل 15 جولائی 2025 16:42

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء) پولیس مقابلے میں مارے جانے والے مچھو گینگ کے کارندے کی مخبری کا الزام، مسلح افراد نے 2کمسن بچوں کو قتل کردیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کی تحصیل ٹھل میں 3روز قبل پولیس کے مبینہ مقابلے میں مارے جانے والے مچھو گینگ کے کارندے بدنام زمانہ ڈاکو اللہ بخش بنگلانی کی مخبری کے الزام میں مسلح افراد نے بی سیکشن تھانہ کی حدود گاؤں امام الدین بجارانی کے قریب فائرنگ کرکے دو کمسن بچوں 12 سالہ قدیر بنگلانی اور 14 سالہ عبدالسبحان بنگلانی کو قتل کردیا، اطلاع پر حدود کی پولیس نے پہنچ کر کمسن بچوں کی لاشیں تعلقہ اسپتال منتقل کردی جہاں ضروری کاروائی کے بعد لاشیں ورثہ کے حوالے کی گئی، مقتولین کے ورثہ نے بتایا کہ دونوں بچے موٹر سائیکل پر کرمپور جارہے تھے کہ گاؤں امام الدین بجارانی کے قریب شبیر بنگلانی کی فریق نے دونوں کمسن بچوں کو فائرنگ کرکے قتل کردیا، پولیس کے مطابق واقعہ بنگلانی برادری کے دو گروپوں کے درمیان جاری زرعی زمین کے دیرینہ تنازعے اور 3 روز قبل پولیس مقابلے میں ہلاک ہونے والے مچھو گینگ کے کارندے بدنام زمانہ ڈاکو اللہ بخش بنگلانی کی مخبری کرنے کے الزام میں ملزمان نے 2 کمسن بچوں کو قتل کیا ہے، دوسری جانب دو بچوں کے قتل کے بعد فریقین میں جاری کشیدگی میں اضافہ ہوگیا ہے اور دونوں فریقین اپنے اپنے علاقوں میں مورچہ بند ہوگئے ہیں اور دونوں فریقین کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ جاری ہے جس کی وجہ سے علاقہ میں خوف و ہراس پھیلا ہوا ہے، تاہم آخری اطلاعات تک واقعہ کا مقدمہ درج اور کوئی گرفتاری عمل میں نہیں ہوسکی تھی۔