راولاکوٹ میں کشمیر میراتھن دوڑ 27 جولائی کو ہو گی ط انٹرنیشنل ایتھلیٹس کی شرکت، صحت و سیاحت کے فروغ کا عزم

منگل 15 جولائی 2025 23:10

راولاکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جولائی2025ء)کشمیر میراتھن دوڑ 27 جولائی 2025 کو راولاکوٹ کے تاریخی عیدگاہ گراؤنڈ سے شروع ہو گی جو کھائیگلہ اور چھوٹا گلہ تک جا کر دوبارہ عیدگاہ گراؤنڈ پر اختتام پذیر ہو گی۔ میراتھن کے حوالے سے سیکرٹری سپورٹس یوتھ و کلچر آزاد حکومت ریاست جموں و کشمیر محترمہ تہذیب النساء اور کمشنر پونچھ ڈویژن مسعود الرحمن نے ہمراہ میراتھن آرگنائزنگ کمیٹی میڈیا سے گفتگو کی اور ایونٹ کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔

سیکرٹری سپورٹس نے کہا کہ کشمیر میراتھن دوڑ کا مقصد صحت مندانہ سرگرمیوں کو فروغ دینا، منشیات کے خلاف آگاہی پیدا کرنا اور آزاد کشمیر کی خوبصورتی کو دنیا کے سامنے لا کر سیاحت کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میراتھن میں اس مرتبہ انٹرنیشنل اتھلیٹس بھی حصہ لیں گے جبکہ مقامی اور نیشنل لیول کے اتھلیٹس بھی شامل ہوں گے۔

(جاری ہے)

محترمہ تہذیب النساء نے بتایا کہ میراتھن کی مختلف کیٹیگریز میں ہر عمر کے افراد شرکت کر سکیں گے، جب کہ جیتنے والوں کو انعامات دیے جائیں گے۔

ساتھ ہی ''فیملی واک'' کا بھی انعقاد کیا جائے گا جس میں خواتین اور بچے بھی بھرپور حصہ لے سکیں گے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بروقت رجسٹریشن کروائیں، جس کی آخری تاریخ 18 جولائی مقرر کی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ کشمیر میراتھن دوڑ کے روٹ پر کشمیری ثقافت کو اجاگر کرنے کے لیے کلچرل اسٹالز لگانے کی بھی اجازت ہو گی تاکہ دنیا کو ہماری ثقافتی خوبصورتی سے روشناس کرایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ روایتی کھیلوں کے ساتھ ساتھ نئے کھیلوں کو بھی فروغ دیا جائے گا اور آئندہ سال کشمیر میراتھن کو حکومتی سطح پر منعقد کیا جائے گا۔کمشنر پونچھ مسعود الرحمن نے کہا کہ ایونٹ کو کامیاب بنانے کے لیے تمام محکمے باہمی تعاون سے انتظامات کو حتمی شکل دے رہے ہیں جن میں محکمہ سپورٹس، انتظامیہ، پولیس، ریسکیو، صحت عامہ، تعلیم اور اطلاعات شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ راولاکوٹ میں کشمیر میراتھن ایک زبردست اور یادگار ایونٹ ثابت ہو گا جس میں عوام کی بھرپور شرکت متوقع ہے۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منتظمین میراتھن سردار شاہزیب شبیر،ڈاکٹر غسان، کپٹن ذوالکفل، سردار آکی خان اور سردار زبیر خان نے بتایا کہ اس بار میراتھن میں رسہ کشی اور گتکا جیسے روایتی کھیلوں کو بھی شامل کیا گیا ہے جن کے مقابلے بھی ہوں گے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس ایونٹ میں زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کر کے اسے کامیاب بنائیں۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر پونچھ سردار عمر فاروق، ڈپٹی ڈائریکٹر سپورٹس لقمان فاروق، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سردار عبدالقادر، ضلعی آفیسر اطلاعات ناصر لطیف اور صدر غازی ملت پریس کلب سردار شفقت ضیاء کی قیادت میں صحافیوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔منتظمین نے کشمیر میراتھن بعد ازاں سیکرٹری سپورٹس، کمشنر پونچھ ڈویژن نے ہمراہ دیگر آفیسران و منتظمین کے عید گاہ گروانڈ کا دورہ کیا انتظامات کا جائزہ لیا اور ضروری ہدایات بھی دیں