محکمہ لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے،فضل حکیم خان

منگل 15 جولائی 2025 23:41

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)خیبرپختونخوا کے وزیر برائے لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو فضل حکیم خان یوسفزئی نے اپنے دفتر پشاور میں خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع سے آئے ہوئے عوامی وفود اور پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں کے دوران عوام نے اپنے علاقوں کے مسائل اور ضروریات سے صوبائی وزیر کو آگاہ کیا، جنہیں انہوں نے نہایت سنجیدگی سے سنا اور موقع پر موجود متعلقہ حکام کو فوری اقدامات کی ہدایت بھی جاری کی۔

بعد ازاں وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے جیل خانہ جات ہمایون خان، رکن صوبائی اسمبلی محمد نعیم اور رکن قومی اسمبلی دوا خان نے بھی فضل حکیم خان سے ملاقات کی۔ ملاقات میں باہمی مشاورت، جاری ترقیاتی منصوبوں اور عوامی فلاح سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

(جاری ہے)

فضل حکیم خان نے کہا کہ صوبائی حکومت نہ صرف عوام کے مسائل حل کرنے میں سنجیدہ ہے بلکہ محکموں کی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے بھی مؤثر اقدامات کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک، فشریز و کوآپریٹیو کو جدید خطوط پر استوار کیا جا رہا ہے تاکہ معیشت کو مضبوط بنایا جا سکے۔ انہوں نے واضح کیا کہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سردار علی امین خان گنڈا پور کی قیادت میں صوبائی حکومت ہر طبقے کو ساتھ لے کر چل رہی ہے اور عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رہے گا۔ انہوں نے تمام محکموں اور نمائندوں پر زور دیا کہ وہ اپنی کارکردگی سے عوام کے اعتماد کو مضبوط کریں۔