صوبائی وزیر زراعت کی زیر صدارت ضلع مالاکنڈ کے محکمہ زراعت کی مختلف ونگز کے ضلعی افسران کا اجلاس

معاون حصوصی برائے سائنس، انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت آیاز کی شرکت

منگل 15 جولائی 2025 23:42

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2025ء)خیبرپختونخوا کے صوبائی وزیر زراعت میجر (ر) سجاد بارکوال کی صدارت میں ضلع مالاکنڈ کے محکمہ زراعت کی مختلف ونگز کے ضلعی افسران کا اہم اجلاس پشاور میں منعقد ہوا۔ جس میں معاون خصوصی برائے سائنس، انفارمیشن اینڈ ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت آیاز نے بھی شرکت کی۔اجلاس سے خطاب کے دوران وزیر زراعت میجر (ر) سجاد بارکوال نے ضلع مالاکنڈ میں زرعی شعبے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ضلع مالاکنڈ کا زرعی شعبہ توجہ کا منتظر ہے۔

اگر اس پر بہتر توجہ دی جائے تو یہاں سے بہترین فصلات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے ضلعی افسران کو سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) کے تحت جاری منصوبوں پر توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سالانہ ترقیاتی پروگرام کے تحت جاری منصوبوں سے بھرپور فائدہ حاصل کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

(جاری ہے)

وزیر موصوف نے ضلع میں ترقیاتی کاموں کی منصوبہ بندی اور عمل درآمد میں مقامی نمائندوں کی مشاورت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ضلع مالاکنڈ میں ترقیاتی منصوبوں سمیت تمام امور ضلع مالاکنڈ سے تعلق رکھنے والے صوبائی کابینہ کے اراکین اور اراکین صوبائی اسمبلی کی مشاورت سے سر انجام دیئے جائیں گے۔

وزیر زراعت نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں زراعت کے شعبے کو دی جانے والی ترجیح کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور کی قیادت میں صوبے میں زراعت کی ترقی پر خصوصی توجہ مرکوز ہے۔ بنجر زمینوں کو قابل کاشت بنانے کے لیے خاطر خواہ اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔ انہوں نے صوبے میں ہونے والی نئی زرعی کاشت کی کامیابیوں کی جانب اشارہ کرتے ہوئے بتایا کہ زیتون و زعفران کی کاشت کے منصوبے مختلف اضلاع میں شروع کیے گئے ہیں، جن کے بہتر نتائج سامنے آرہے ہیں۔

زراعت میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ضرورت پر روشنی ڈالتے ہوئے صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ زراعت میں ترقی کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کا بہتر استعمال ناگزیر ہے۔معاون خصوصی برائے سائنس و ٹیکنالوجی ڈاکٹر شفقت آیاز نے وزیر زراعت کے موقف کی تائید کرتے ہوئے کہا کہ زراعت میں انفارمیشن ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے اس سلسلے میں محکمہ زراعت کے ساتھ مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔اجلاس میں ضلع مالاکنڈ کے تمام متعلقہ زرعی افسران نے شرکت کی اور ضلعی سطح پر زرعی سرگرمیوں، چیلنجز اور ترقیاتی منصوبوں کی پیشرفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔