جی سی ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کے زیر اہتمام شعبہ فیشن اینڈ ٹیکسٹائل ڈیزائن کے پانچویں فیشن ڈیزائن تھیسیس ڈسپلے کی افتتاحی تقریب

منگل 15 جولائی 2025 21:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2025ء) گورنمنٹ کالج ویمن یونیورسٹی فیصل آباد کے زیر اہتمام شعبہ فیشن اینڈ ٹیکسٹائل ڈیزائن کے پانچویں فیشن ڈیزائن تھیسیس ڈسپلے کی افتتاحی تقریب لائلپور گیلریا فیصل آباد میں منعقد ہوئی جس میں مہمانِ خصوصی کے طور پر جی سی ویمن یونیورسٹی کی وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر آمین کنول نے شرکت کی۔

انہوں نے طالبات کے ہینڈ میڈ ملبوسات پر مشتمل ڈیزائنز کا تفصیلی معائنہ کیا اور ان کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وائس چانسلر نے کہا کہ تمام طالبات کو تھیمز دیے گئے تھے جن پر انہوں نے نہایت عمدگی سے کام کیا، ان کی ڈیزائننگ نہ صرف تخلیقی ہے بلکہ تکنیکی مہارت کی بھی آئینہ دار ہے۔ڈاکٹر آمین کنول نے کہا کہ وہ اپنی مصروفیات سے وقت نکال کر طالبات کی حوصلہ افزائی کے لیے آئی ہیں کیونکہ نوجوانوں کا یہ جذبہ اور مثبت سوچ ہی مستقبل کی کامیابی کی بنیاد ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہر ڈیزائن کو باریک بینی سے دیکھا اور کہا کہ طالبات نے انتہائی سنجیدگی، محنت اور لگن سے کام کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کسی کی محنت کو ضائع نہیں جانے دیتا، اور یہی جذبہ قوم کے روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔ وائس چانسلر نے طالبات کی تخلیقی، تحقیقی اور فنی مہارتوں کی بھرپور تعریف کی اور کہا کہ ان کا کام صرف ایک تعلیمی سرگرمی نہیں بلکہ ایک مکمل فنی اظہار ہے جو قابل فخر ہے۔

ڈاکٹر آمین کنول نے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں ہمیں ملک اور اپنے بچوں کے مستقبل کے حوالے سے پرامید رہنا چاہیے کیونکہ جب نوجوان اس طرح سے تخلیقی سرگرمیوں میں مصروف ہوں تو یہ واضح ہوتا ہے کہ ہم ایک بہتر مستقبل کی طرف بڑھ رہے ہیں۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ چاہتی ہیں طالبات اسی جذبے، محنت اور مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھیں تاکہ وہ نہ صرف اپنے کیریئر میں کامیاب ہوں بلکہ ملک کی ترقی میں بھی فعال کردار ادا کر سکیں۔

یونیورسٹی کی جانب سے منعقدہ اس تقریب کا مقصد نہ صرف طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا تھا بلکہ انہیں ایک ایسا پلیٹ فارم مہیا کرنا بھی تھا جہاں وہ اپنی فنی پہچان بنا سکیں اور خود اعتمادی کے ساتھ عملی زندگی میں قدم رکھ سکیں۔ فیشن ڈیزائننگ کے اس ڈسپلے میں مقامی صنعت سے وابستہ ماہرین، تعلیمی شخصیات اور میڈیا نمائندگان نے بھی شرکت کی، جنہوں نے طالبات کے کام کو سراہا اور اسے جدید فیشن انڈسٹری سے ہم آہنگ قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :