سویدا میں تلاشی کی کارروائیوں کے بعد فوج شہر کے باہر رہے گی ، شامی وزارت دفاع

سویدا میں فوجی پولیس کی تعیناتی کا مقصد نظم و ضبط قائم کرنا ہے،شامی وزارت دفاع کے ترجمان کرنل حسن عبد الغنی

بدھ 16 جولائی 2025 13:09

دمشق(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 جولائی2025ء)شام کی وزارت دفاع کے ترجمان کرنل حسن عبد الغنی نے کہا ہے کہ سویدا شہر میں تلاشی کی کارروائیاں مکمل ہونے کے بعد شامی فوج شہر کے باہر ہی رہے گی۔میڈیارپورٹس کے مطابق وزارتِ دفاع کے ترجمان نے سویدا میں سرکاری اداروں کی واپسی کی تصدیق کی اور کہا کہ جب بھی ضرورت پڑی تو داخلی سلامتی کے اداروں کو مدد فراہم کی جائے گی۔

انھوں نے واضح کیا کہ سویدا میں فوجی پولیس کی تعیناتی کا مقصد نظم و ضبط کو یقینی بنانا ہے۔وزارتِ دفاع نے اس بات پر زور دیا کہ شامی فوج ان گروہوں کا تعاقب جاری رکھے گی جنھیں اس نے قانون شکن قرار دیا ہے اور جو سویدا شہر کے اطراف میں موجود ہیں۔ ساتھ ہی اہلِ سویدا سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ان گروہوں کی نقل و حرکت کے بارے میں اطلاع دیں، خاص طور پر جب یہ گروہ شہر کے مرکز کی طرف پسپائی اختیار کر رہے ہوں۔

(جاری ہے)

ترجمانِ وزارتِ دفاع نے کہا کہ وزارت ان بے مقصد جھڑپوں کا خاتمہ چاہتی ہے اور قانون شکن گروہوں کا تعاقب جاری رکھا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ مسلح گروہوں کے حملوں کے نتیجے میں فوج کے 18 اہل کار جاں بحق ہو چکے ہیں۔ شامی وزیرِ دفاع مرہف ابو قصرہ نے اعلان کیا کہ سویدا میں فائر بندی پر اتفاق ہو گیا ہے۔ انھوں نے کہا شامی فوج سویدا میں قانون شکن عناصر کے کسی بھی حملے کا جواب دے گی۔

متعلقہ عنوان :