قازقستان حکومت کا جی ڈی پی کو 300 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف

بدھ 16 جولائی 2025 13:41

آستانہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) قازقستان کی حکومت نے ملک کی مجموعی قومی پیداوار (جی ڈی پی) کو 300 ارب ڈالر تک لے جانے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ قاز انفارم کی رپورٹ کے مطابق قازقستان کے وزیر اعظم اولزاس بیکتینوف نے کابینہ اجلاس کے بعد ایک بریفنگ میں جی ڈی پی ہدف کو مشکل لیکن قابل حصول قرار دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ سال ہماری جی ڈی پی 286 ارب ڈالر تک پہنچ گئی ،رواں سال موجودہ معاشی ترقی کی رفتار کو دیکھتے ہوئے ہمیں توقع ہے کہ ہم 300 ارب ڈالر کا ہدف عبور کر لیں گے۔

انہوں نے ہدف کے حصول کے لئے معاشی پالیسی کے کلیدی شعبوں میں ترقی کی ضرورت پر زور دیا جن میں سرمایہ کاری میں اضافہ، صنعتی ترقی اور معیشت کی مزید ڈیجیٹلائزیشن شامل ہے۔ انہوں نے کہاکہ یوٹیلیٹی ٹیرف میں اضافہ جاری رہے گا۔

(جاری ہے)

قومی کرنسی تینگے سے متعلق سوال کا جواب دیتے ہوئے بیکتینوف نے کہا کہ تینگے کی قدر میں کسی تیز اتار چڑھاؤ کی توقع نہیں ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ نیشنل بینک زرمبادلہ کی مارکیٹ میں مصنوعی مداخلت نہیں کر رہا اور موجودہ بنیادی عوامل تینگے کے استحکام کےلئےکسی خطرے کی نشاندہی نہیں کرتے۔انہوں نے کہا کہ تینگے کی قدر میں کسی شدید گراوٹ کی کوئی بنیاد موجود نہیں ہے، حکومت کے بنیادی میکرو اکنامک منظرنامے کے مطابق تینگے کی متوقع شرح مبادلہ 540 تنگے فی امریکی ڈالر ہے جو کہ 60 ڈالر فی بیرل تیل کی قیمت کی بنیاد پر مقرر کی گئی ہے۔