پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کی چار مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ

بدھ 16 جولائی 2025 16:24

پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری کی چار مقدمات میں ضمانت کی درخواستوں پر ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے پی ٹی آئی رہنما اعجاز چوہدری پر جناح حملہ کیس سمیت 9مئی کے جلا ئوگھیرائو کے الزام میں درج چار مقدمات میں ضمانت درخواستوں پر فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔

(جاری ہے)

جسٹس سید شہباز علی رضوی کی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے درخواستوں پر سماعت کی، دوران سماعت سرکاری وکیل نے درخواست ضمانتوں پر دلائل دئیے کہ تحریک انصاف کے رہنمائوں کی ایک میٹنگ ہوئی تھی جس میں اعجاز چوہدری سمیت دیگر شریک تھے ۔

میٹنگ میں حساس مقامات پر حملہ کی منصوبہ بندی کی گئی ،سماعت کے دوران اعجاز چوہدری کی جانب سے وکیل میاں علی اشفاق نے دلائل دیئے ۔عدالت نے وکلاء کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا جو بعد میں سنایا جائے گا۔ یاد رہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت لاہور سے ضمانتیں خارج ہونے کے بعد اعجاز چوہدری نے ضمانت کے لئے ہائیکورٹ سے رجوع کررکھا ہے۔