سوشل میڈیا کا غیر ذمہ دارانہ استعمال ہمارے وقت کا سب سے بڑا خطرہ بن چکا ہے‘ وفاقی وزیراطلاعات

بدھ 16 جولائی 2025 21:58

سوشل میڈیا کا غیر ذمہ دارانہ استعمال ہمارے وقت کا سب سے بڑا خطرہ بن ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2025ء) وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ نے سوشل میڈیا کے منفی اثرات اور اس کے ذمہ دارانہ استعمال کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ فیک نیوز، نفرت انگیزی اور عدم برداشت سوشل میڈیا کے غیر منظم پھیلاؤ کے باعث ہمارے معاشرے کو شدید نقصان پہنچا رہے ہیں۔ روایتی میڈیا کی طرح سوشل میڈیا کو بھی قواعد و ضوابط کے تابع ہونا چاہیے تاکہ تشدد، نفرت، اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔

انہوں نے ان خیالات کا اظہار اسلام آباد میں ایک کتاب کی تقریب رونمائی سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم کی حالیہ رپورٹ میں بھی سوشل میڈیا کے غیر ذمہ دارانہ استعمال کو ہمارے وقت کا سب سے بڑا خطرہ قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اطلاعات نے کہا کہ سوشل میڈیا کا تیز رفتار پھیلاؤ ایک حقیقت ہے، اور وقت کی ضرورت ہے کہ اسے مثبت سماجی مقاصد، بالخصوص خواتین اور کمزور طبقات کے حقوق کے تحفظ کے لیے استعمال کیا جائے۔

انہوں نے کہا سوشل میڈیا کو پدرشاہی نظام، صنفی امتیاز، اور معاشرتی ناہمواریوں کے خلاف آگاہی کے ایک موثر ذریعہ کے طور پر بروئے کار لانا ہوگا۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ حکومت نے ڈیجیٹل میڈیا کی ریگولیشن اور سائبر کرائم کی روک تھام کے لیے قانون سازی کی ہے، جس میں پیکا قوانین میں ترامیم اور ایک قومی ڈیجیٹل سیفٹی ایجنسی کا قیام بھی شامل ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ ان قوانین کا مقصد اظہار رائے پر پابندی لگانا نہیں بلکہ خواتین، نوجوانوں اور دیگر کمزور طبقات کو محفوظ ڈیجیٹل ماحول فراہم کرنا ہے۔وفاقی وزیر نے سیاسی جماعتوں کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ سوشل میڈیا کے منفی استعمال میں تمام جماعتیں کسی نہ کسی حد تک ملوث رہی ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ اس عمل کی اصلاح میں سیاسی قیادت کو لیڈنگ کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ روایتی میڈیا کی طرح سوشل میڈیا کو بھی قواعد و ضوابط کے تابع ہونا چاہیے تاکہ تشدد، نفرت، اور غلط معلومات کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔