ایس آئی ایف سی کی معاونت سے ایس ایم ایز اور زرعی فنانسنگ میں نمایاں اضافہ متوقع

بدھ 16 جولائی 2025 22:02

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جولائی2025ء) خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی سہولت کاری سے چھوٹے و درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) اور زرعی شعبے کی فنانسنگ میں نمایاں اضافے کی توقع کی جا رہی ہے، جس سے ملکی معیشت کو دیرپا استحکام حاصل ہو سکتا ہے۔ یہ بات وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کراچی میں منعقدہ ایک اہم اجلاس میں کہی، جہاں انہوں نے گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کے ہمراہ ملکی بینکوں کے چیف ایگزیکٹو افسران (سی ای اوز) سے ملاقات کی۔

وزیر خزانہ نے بتایا کہ ایس ایم ایز فنانسنگ میں 41 فیصد اور زرعی فنانسنگ میں 15 فیصد اضافہ قابلِ تحسین پیشرفت ہے۔ انہوں نے کہا معیشت میں استحکام مشکل اور غیر مقبول فیصلوں اور تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشترکہ کوششوں سے ممکن ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بینکاری شعبے کو ایس ایم ایز اور زراعت جیسے ترجیحی سیکٹرز میں مزید فنانسنگ کی ترغیب دینے پر زور دیا۔

اس موقع پر گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ حکومت کی جانب سے کیے گئے ترغیبی اقدامات اور SIFC کی فعال معاونت کے باعث ان ترجیحی شعبوں میں فنانسنگ کو وسعت مل رہی ہے ۔ ہم نے ایس ایم ایز اور زرعی فنانسنگ کے فروغ کے لیے ٹھوس اقدامات کیے ہیں، جن کے مثبت اثرات آنے والے دنوں میں مزید نمایاں ہوں گے ۔ اجلاس میں شریک بینک سربراہان نے بھی موجودہ حکومتی پالیسیوں کو سراہا اور مختلف منصوبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات پر گفتگو کی۔ماہرین کے مطابق ایس ایم ایز اور زرعی سیکٹرز کی مضبوطی روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور غربت میں کمی کے لیے اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :