فیصل آباد،لڑکی کو بلیک میل اور ہراساں کرنے کے جرم میں ملزم کو 7 سال قید بامشقت اور 5لاکھ روپے جرمانہ کی سزا

بدھ 16 جولائی 2025 22:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2025ء) ایڈیشنل سیشن جج /جج سپیشل کورٹ اینٹی ریپ محمد اقبال ہرل نے لڑکی کو بلیک میل اور ہراساں کرنے کے سنگین مقدمے میں ملوث ملزم سلیمان مرتضیٰ کو سات سال قید با مشقت اور پانچ لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا۔ یہ سزا ایک شادی شدہ لڑکی کی نازیبا تصاویر واٹس ایپ کے ذریعے اس کے خاوند کو بھیج کر ہراساں اور تعلقات پر مجبور کرنے کے جرم میں سنائی گئی ہے جو حالیہ برسوں میں الیکٹرانک جرائم کے خلاف کی جانے والی ایک بڑی عدالتی کارروائی سمجھی جا رہی ہے۔

استغاثہ کے مطابق علی ہاؤسنگ کالونی کے رہائشی ملزم سلیمان مرتضیٰ نے ایک شادی شدہ لڑکی کے موبائل فون کو درست کرنے کے بہانے اس کا خراب فون حاصل کیا اور اس سے نازیبا تصاویر نکال کر لڑکی کو بلیک میل کیا۔

(جاری ہے)

وہ اسے ناجائز تعلقات پر مجبور کرتا رہا اور مسلسل ہراسانی کا نشانہ بناتا رہا۔ متاثرہ لڑکی کے بھائی کی شکایت پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے انسداد الیکٹرانک جرائم ایکٹ 2016 کی دفعات 20، 21 اور 24 کے تحت مقدمہ درج کیا۔

ایف آئی اے کے اسسٹنٹ ڈائریکٹر آصف نذیر نے تحقیقات مکمل کرنے کے بعد چالان عدالت میں جمع کروایا جس پر کیس کی سماعت مکمل ہونے کے بعد عدالت نے فیصلہ سنایا۔ معززعدالت کے جج محمد اقبال ہرل نے جرم ثابت ہونے پرملزم کو دفعہ 20 کے تحت 2 سال قید با مشقت اور ایک لاکھ روپے جرمانہ جبکہ عدم ادائیگی جرمانہ کی صورت میں تین ماہ اضافی قید کی سزا سنائی۔

عدالت نے دفعہ 21 کے تحت تین سال قید با مشقت اور تین لاکھ روپے جرمانہ عائد کیا گیا جس کی عدم ادائیگی کی صورت میں ملزم کو چھ ماہ مزید قید کی سزا دی جائے گی۔ اسی طرح فاضل جج نے دفعہ 24 کے تحت بھی ملزم کو دو سال قید با مشقت کی سزا سنانے کے ساتھ ساتھ اس پر ایک لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا۔ اگر یہ جرمانہ ادا نہ کیا گیا تو ملزم کو مزید تین ماہ کی قید بھگتنا ہوگی۔