ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر آندرے رسل کا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان

جمعرات 17 جولائی 2025 14:10

ویسٹ انڈیز کے آل راؤنڈر آندرے رسل کا ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ..
جمیکا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) ویسٹ انڈیز کے جارح مزاج آل راؤنڈر آندرے رسل نے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا۔کرکٹ ویسٹ انڈیز (سی ڈبلیوآئی )نے 37سالہ آندرے رسل کے ریٹائرمنٹ کے حوالے سے پیغام جاری کر دیا۔کرکٹ ویسٹ انڈیز نے سوشل میڈیا پر پیغام میں کہا ہے کہ شکریہ آندرے رسل 15 سال تک آپ نے دل اور جذبے کے ساتھ ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی ۔

آندرے رسل آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹونٹی سیریز کے دوران ٹی ٹونٹی کرکٹ سے ریٹائر ہوجائیں گے۔آندرے رسل اپنے ہوم گراؤنڈ جمیکا کے سبینا پارک میں پہلے دو ٹی ٹونٹی میچز میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کریں گے جس کے بعد ریٹائرمنٹ لیں گے۔آسٹریلیا اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز 20 سے 28 جولائی تک کھیلی جائے گی۔

(جاری ہے)

37 سالہ آندرے رسل کو 84 ٹی ٹونٹی میچز میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کا اعزاز حاصل ہے۔

آندرےرسل نے ویسٹ انڈیز کی جانب سے ٹی ٹونٹی میچز کے علاوہ ایک ٹیسٹ، 56 ون ڈے میچز بھی کھیلے ہیں۔وہ 2012 اور 2016 میں ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ جیتنے والی ویسٹ انڈین ٹیم کا بھی حصہ رہے ہیں۔آندرے رسل نے 2019 کے بعد سے صرف ٹی ٹونٹی فارمیٹ ہی کھیلا اور اب 2026 کے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سے ایک سال قبل انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائر ہورہے ہیں۔ مایہ ناز آل رائونڈر آندرے رسل ویسٹ انڈیز کے لئے ٹی ٹونٹی میں 84 میچز میں 1078 رنز اور 61 وکٹیں اپنے نام کر چکے ہیں۔میتھیو فورڈ کو سینٹ کٹس اینڈ نیوس میں گزشتہ تین ٹی ٹونٹی میچز کے لیے آندرے رسل کا متبادل مقرر کیا ہے۔\932