پی سی بی نے ثنا میر کے بیان کو حقائق کے منافی قرار دے دیا

جمعہ 18 جولائی 2025 23:17

پی سی بی نے ثنا میر کے بیان کو حقائق کے منافی قرار دے دیا
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جولائی2025ء)پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق ویمن کرکٹر ثنا میر کی جانب سے سوشل میڈیا پر دیے گئے ایک بیان کو ’’حقائق کے منافی‘‘قرار دیتے ہوئے رد کر دیا ہے۔پی سی بی ویمنز ونگ کے ایک سینئر عہدیدار نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ ثناء میر کو عوامی سطح پر بیان دینے سے قبل حقائق کی تصدیق کرنی چاہیے تھی۔

پی سی بی کے مطابق حال ہی میں اعلان کردہ 2025-26 کے ڈومیسٹک کیلنڈر میں شامل نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ دراصل پاکستانی خواتین کرکٹرز کے نئے سیزن کا آغاز ہوگا جبکہ اس سے پہلے کا ایک روزہ سیزن آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 2025 پر ختم ہوگا جو بھارت اور سری لنکا میں کھیلا جائے گا۔ثناء میر کی جانب سے اس خدشے کا اظہار کیا گیا تھا کہ ایک مصروف شیڈول میں ’’جلد بازی‘‘میں ون ڈے ٹورنامنٹ رکھا گیا ہے جس پر پی سی بی نے دو ٹوک مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا کہ کھلاڑیوں کی جسمانی و ذہنی صحت کو اولین ترجیح دی جاتی ہے۔

(جاری ہے)

پی سی بی کے ترجمان کے مطابق، 7 جولائی سے 2 نومبر 2025 تک قومی ویمن ٹیم ایک مکمل پروگرام میں مصروف ہوگی، جس میں کراچی اور لاہور میں دو تربیتی کیمپ، ایک بیرونِ ملک ٹی 20 سیریز، ہوم ون ڈے سیریز اور آئی سی سی ورلڈ کپ کے 7 لیگ میچز اور ممکنہ ناک آؤٹ میچز شامل ہیں۔ثناء میر کے اس دعوے پر کہ ڈومیسٹک 50 اوور ٹورنامنٹ ورلڈ کپ کے ساتھ ہی کروایا جا رہا ہے، پی سی بی نے وضاحت کی کہ یہ سراسر غلط ہے، کیونکہ آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ 30 ستمبر سے 2 نومبر 2025 تک کھیلا جائے گا، جبکہ نیشنل ویمنز ون ڈے ٹورنامنٹ 10 سے 23 نومبر 2025 تک کراچی میں منعقد ہوگا، جس کی تیاری کا آغاز 6 نومبر سے یعنی ورلڈ کپ کے اختتام کے بعد ہوگا۔

ورلڈ کپ کی تیاریوں کے ضمن میں پی سی بی پہلے ہی کراچی میں 25 روزہ فٹنس اور اسکلز کیمپ کا آغاز کر چکا ہے، جس میں متعدد 50 اوور پریکٹس میچز بھی شامل ہیں۔ پاکستان ٹیم 12 اگست کو آئرلینڈ سے ٹی 20 سیریز کھیل کر وطن واپس پہنچے گی، جس کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف 25 اگست سے شروع ہونے والی ون ڈے سیریز کی بھرپور تیاری کی جائے گی۔25 اگست سے 28 ستمبر تک قومی ٹیم تین ہوم ون ڈے میچز کھیلے گی اور سری لنکا و سری لنکا 'ای' کے خلاف کولمبو میں دو وارم اپ میچز بھی کھیلے جائیں گے تاکہ کھلاڑیوں کی 50 اوور فارمیٹ میں مہارت کو مزید نکھارا جا سکے۔

یہ بھی قابلِ ذکر ہے کہ پاکستان ویمن ٹیم نے اپریل میں لاہور میں منعقدہ ورلڈ کپ کوالیفائر میں ناقابلِ شکست رہتے ہوئے ورلڈ کپ میں جگہ بنائی۔ بعد ازاں تمام کھلاڑیوں نے مئی میں کراچی میں منعقدہ نیشنل ویمنز ٹی 20 ٹورنامنٹ میں بھرپور شرکت کی۔