نواب شاہ میں پرانی دشمنی پر3سگے بھائیوں سمیت 5افراد کو قتل کردیا گیا

واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے معاملہ کی تحقیقات کررہے ہیں ،مقتولین کا تعلق بھنگوار برادری سے ہے،ایس ایس پی نواب شاہ

جمعرات 17 جولائی 2025 15:58

نواب شاہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء)نواب شاہ کے تھانہ بی سیکشن کی حدود کیریا موری کے قریب یار محمد بھنگوار میں3سگے بھائیوں سمیت بھنگوار برادری کے 5 افراد کو فائرنگ کرکے قتل کردیاہے۔تفصیلاکے مطابق نواب شاہ اور سرہاری کے درمیاں کیریا موری کے مقام پر جمعرات کی علی الصبح نامعلوم ملزمان نے گھات لگاکراندھا دھند فائرنگ کرکے موٹرسائیکلوں پر سوار 5 افراد کو قتل کردیا ۔

ملزمان لرزہ خیر واردات کے بعد موقع سے باسانی فرار ہوگئے تھانہ بی سیکشن کی حدود میں واقع کیریا موری کے مقام پر لرزہ خیز قتل کی واردات کی اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی شہید بینظیرآباد پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔پولیس نے نعشیں تحویل میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے پیپلز میڈیکل کالج وٹیچنگ ہسپتال منتقل کردیں جہاں نعشوں کو مردہ خانہ منتقل کیا گیا ایس ایس پی شبیر سیٹھار نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ پرانی دشمنی کا شاخسانہ لگتا ہے معاملہ کی تحقیقات کررہے ہیں مقتولین کی شناخت ہوگئی ہے مقتولین کا تعلق بھنگوار برادری کے نواحی گائوں اسحاق یار محمد بھنگوار سے ہے، ایس ایس پی کے مطابق پولیس نے ضلع بھر کی ناکہ بندی کرلی ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان کی گرفتاری کے لئے پولیس چھاپے مار رہی ہے سفاک قاتل ملزمان قانون کی گرفت سے نہیں بچ سکتے۔پولیس حکام کے مطابق مقتولین میں تین سگے بھائی شامل ہیں، مقتولین بھائیوں میں تاج محمد بھنگوار ،رجب بھنگوار، شہبازبھنگوار ولد غلام محمد بھنگوار جبکہ فرمان علی ،قربان علی ولد شاہ علی کے نام سے کی گئی ہے