12مہاجرین نشستوں کی طرح محکمہ لائیو سٹاک امور حیوانات اور محکمہ زراعت بھی بڑا بوجھ

جمعرات 17 جولائی 2025 16:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 جولائی2025ء) دیہی علاقوں میں رہنے والے اور ڈیری فارم سے وابستہ افراد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس طرح ریاست پر 12 مہاجرین نشستیں بوجھ ہیں، اسی طرح محکمہ لائیو سٹاک امور حیوانات اور محکمہ زراعت بھی بڑا بوجھ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے لاکھوں روپے مالیت کے پالتو جانور آئے روز کئی ایک موذی امراض کا شکار ہو کر بروقت علاج معالجہ نہ ہونے کی وجہ سے مر جاتے ہیں، بارہاء محکمہ امور حیوانات کو تحریری و زبانی شکایات بھی کرتے ہیں مگر وہ ادویات نہ ہونے کا کہہ کر دامن چھڑا لیتے ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ محکمہ لائیو سٹاک امور حیوانات کے پاس ادویات کا نہ ہونا حکومتی کارکردگی پر بھی چبھتا ہوا سوال ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے محکموں کو ختم کر دینا چاہیے جو سالانہ بجٹ تو کروڑوں کا استعمال کرتے ہیں اور ہر شعبے میں کئی ایک ڈائریکٹرز ماہانہ لاکھوں روپے تنخواہ وصول کرتے ہیں مگر ریاست میں نہ تو پولٹری مصنوعات نہ ہی گوشت اور نہ ہی کسی بھی قسم کی سبزی دستیاب ہے۔ جن مقاصد کے لیے یہ محکمے بنائے گئے تھے جب وہ مقاصد ہی پورے نہیں کیے جا رہے تو پھر سالانہ لاکھوں کا بجٹ دینے کی کیا ضرورت ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان دونوں محکموں کو فل فور ختم کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :