امریکی ٹیرف کے باعث جنوبی افریقہ میں ایک لاکھ ملازمتیں ختم ہونے کا خدشہ، زرعی اور آٹو موبائل سیکٹر سب سے زیادہ متاثر ہوں گے، گورنر مرکزی بینک

جمعرات 17 جولائی 2025 17:20

جوہانسبرگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے جنوبی افریقہ پر عائد کردہ تجارتی ٹیرف کے باعث ایک لاکھ ملازمتیں ختم ہونے کا خدشہ ہے اور اس سے زرعی اور آٹو موبائل سیکٹر سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔ یہ بات جنوبی افریقہ کے مرکزی بینک کے گورنر لیسیجا کگانیاگو نے اپنے ایک انٹرویو میں کہی۔

(جاری ہے)

رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق کگانیاگو نے مقامی ریڈیو کو ایک انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ افریقہ کی سب سے بڑی معیشت کو یکم اگست سے جس 30 فیصد ٹیرف کا سامنا ہے وہ بعض صنعتوں کے لیے شدید نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ زرعی شعبے پر اس کا اثر تباہ کن ہو سکتا ہے کیونکہ یہ شعبہ کم ہنر یافتہ مزدوروں کو بڑی تعداد میں روزگار دیتا ہے ۔کگانیاگو نے کہا کہ اپریل میں امریکی حکومت کی جانب سے گاڑیوں پر درآمدی ٹیرف لگنے کے بعد جنوبی افریقہ سے امریکا کو گاڑیوں کی برآمدات میں 80 فیصد سے زیادہ کمی آئی ہے جو کہ ایک تشویشناک رجحان ہے، اگر ہم متبادل اقدامات نہ کر سکے تو تقریباً ایک لاکھ ملازمتیں متاثر ہو سکتی ہیں، یہی اصل خطرہ ہے جس کا ہمیں سامنا ہے۔\932