تورغر تحصیل جدبا کے علاقہ شاہڈگ بازار میں فائرنگ سے ایک شخص ہلاک ایک شدید زخمی،ملزمان فرار

جمعرات 17 جولائی 2025 17:22

تورغر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) تورغر کی تحصیل جدباکے علاقہ شاہڈگ بازار میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے بختیار نامی شخص ہلاک جبکہ اسامہ نامی نوجوان شدید زخمی ہوا، جسے فوری طور پر طبی امداد کے لیے بٹگرام ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

پولیس ذرائع کے مطابق وقوعہ کے فوراً بعد پولیس نے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے اور تمام داخلی و خارجی راستوں پر ناکہ بندیاں لگا دی گئی ہیں۔

ایس پی انویسٹی گیشن شانواز خان کی قیادت میں ڈی پی او تورغر سید مختار شاہ، ایس ایچ او تھانہ جدباثاقب فراز، ایلیٹ فورس، اے ٹی ایس اور بھاری نفری سرچ آپریشن میں حصہ لے رہی ہے۔علاقہ میں سخت ناکہ بندی کے تحت مشکوک افراد کی تلاش جاری ہے،مقامی لوگ بھی پولیس کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں۔