لوئر کرم میں کار پر شرپسندوں کی فائرنگ، 6 افراد جاں بحق، سیکیورٹی فورسز نے مرکزی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کیلئے بند کردی

بدھ 3 ستمبر 2025 11:40

لوئر کرم میں کار پر شرپسندوں کی فائرنگ، 6 افراد جاں بحق، سیکیورٹی فورسز ..
کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 ستمبر2025ء) قبائلی ضلع کرم کی لوئر تحصیل میں گوساڑ کے قریب مرکزی شاہراہ پر نامعلوم شرپسندوں نے چلتی موٹرکار پراندھا دھند فائرنگ کردی جس کی زدمیں آکر 6 افراد موقع پرجاں بحق ہوگئے ۔ اس المناک واقعہ کے بعدکرم میں پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز کو ہائی الرٹ کردیا گیا جبکہ ٹل پارہ چنار مرکزی شاہراہ ہر قسم کی ٹریفک کے لئے بند کردی گئی ۔

موصولہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بدھ کی صبح سویرے لوئر کرم کی تحصیل ہیڈکوارٹر صدہ آنے والی موٹرکار پر پولیس سٹیشن سمیر کی حدودمیں ٹل پارہ چنار مرکزی شاہراہ پر گوساڑ مہورہ احمد علی کلے کے قریب نامعلوم شرپسندوں نے گولیوں کی بوچھاڑ کردی جس کے نتیجے میں کار میں سوارچھ افراد موقع پر جاں بحق ہوگئے۔

(جاری ہے)

مقتولین کا تعلق پاڑہ چمکنی سے بتایاجاتا ہے۔

واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیوکی ایمبولینس گاڑیاں جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور لاشوں کو تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال صدہ منتقل کردیا۔اس واقعہ کی خبر جنگل کی آگ کی طرح ضلع بھر سمیت کوہاٹ ڈویژن کے دیگر اضلاع ہنگو اور کوہاٹ میں انتہائی تیزی سے پھیل گئی جس کے نتیجے میں ضلع کرم میں ایک بار پھر کشیدگی بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا تاہم مقامی انتظامیہ اور پولیس نے کسی بھی ممکنہ خطرے کے پیش نظر سیکیورٹی فورسز کو الرٹ کردیا اور ٹل پارہ چنار مرکزی شاہراہ بند کردی ۔

جاں بحق ہونے والوں میں نبات خان ولد میرا خیل اور خواجہ دین ولد رحیم دین قوم منگل‘ شفیق خان ولد فضل رحمن‘ یٰسین ولد خیراللہ ‘ عمل دین ولد افضل دین اور احمد ولد غلجے قوم چمکنی شامل ہیں۔بعض ذرائع کے مطابق ایک شخص لاپتہ بھی ہے تاہم اس کی تصدیق نہیں ہوسکی۔