معاشی سرگرمیوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، ڈاکٹر احسان بھٹہ

جمعرات 17 جولائی 2025 21:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جولائی2025ء) سیکرٹری پرائس کنٹرول اینڈ کموڈٹیز مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ معاشی سرگرمیوں کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، کاروباری سہولت مراکز اسٹیک ہولڈرز کو اپنا کاروبار شروع کرنے کے لیے زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کر سکتے ہیں، اس سے صوبہ پنجاب میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔

وہ بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کے دورہ کے موقع پر افسران سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل پنجاب فوڈ اتھارٹی عاصم جاوید بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کا دورہ کرنے پر ان کے ہمراہ تھے۔ دونوں افسران نے عملے کی حاضری، صفائی ستھرائی، فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا اور بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر میں دستیاب صارفین سے بات چیت بھی کی، تاجروں اور عوام کے لیے ایک کاروبار دوست مرکز کا مشاہدہ کرنا ایک شاندار تجربہ تھا۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے بزنس فیسیلیٹیشن سنٹر کی کارکردگی کو چیک کیا اور جائزہ لیا۔ انہوں نے ICID میں ماہانہ جائزہ اجلاس بلانے اور اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے محکموں کو تعریفی خطوط جاری کرنے کی ہدایت بھی کی ۔